کشمیر: سیزن کی پہلی برف باری کے ساتھ ہی بانڈی پورہ- گریز روڈ بند
سری نگر، اکتوبر۔وادی کشمیر میں سیزن کی پہلی برف باری ہونے کے ساتھ ہی شمالی کشمیر کے ضلع باںڈی پورہ کی گریز وادی کا اپنے ضلع ہیڈ کوارٹر کے ساتھ زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وادی گریز کے دسن علاقے، جو اونچائی پر واقع ہے، میں اتوار کی شب برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں۔انہوں نے بتایا کہ راز دان ٹاپ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں ہونے والی برف باری کے باعث پیر کی صبح بانڈی پورہ – گریز روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند ہوگئی۔بتادیں کہ وادی کشمیر میں دوران شب موسلا دھار بارشیں ہوئیں جن سے درجہ حرارت میں مزید گراوٹ درج ہوئی۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں ہلکے درجے کی بارشیں ہونے امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ وادی میں 12 اکتوبر تک موسم خراب رہ سکتا تاہم اس کے بعد موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سری نگر میں جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 9.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے، میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 8.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 26.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام جہاں کم سے کم درجہ حرارت 6.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے، میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 10.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم سے درجہ حرارت 7.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران19.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے جانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 8.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ وہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 15.4ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔کوکر ناگ جہاں کم سے کم درجہ حرارت 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے، میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 13.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔دریں اثنا وادی میں پیر کی صبح بارشوں کے بعد موسم میں بتدریج بہتری آنے لگی۔اگر چہ مطلع ابر آلود رہا تاہم آفتاب نے بھی بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے کی کئی کامیاب کوششیں کیں۔