کشمیری صحافیوں کو حق بولنے کے پاداش میں سزا دی جا رہی ہے: محبوبہ مفتی
سری نگر، ستمبر۔ پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ ایک طرف نارملسی کے بیانیے کو پیش کرنے کے لئے یہاں لچکدار صحافیوں کو باہر سے لایا جا رہا ہے جبکہ دوسری طرف مقامی صحافیوں کو حق بولنے کے پاداش میں سزا دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے جموں و کشمیر میں میڈیا کو مسلسل ستائے جانے کے بارے میں ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے۔موصوفہ نے ان باتوں کی جانکاری پیر کے روز اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعے فراہم کی ہے۔ان کا ٹویٹ میں کہنا تھا: میں نے جموں و کشمیر میں میڈیا کو مسلسل ستائے جانے کے بارے میں ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا کو ایک مکتوب روانہ کیا۔ ایک طرف لچکدار صحافیوں کو یہاں لا کر ان سے نارمسلی کے بیانیے کو پیش کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری طرف مقامی صحافیوں، جو انتہائی دباؤ میں کام کرتے ہیں، کو اقتدار کے سامنے سچ بولنے کے پاداش میں سزا دی جا رہی ہے ۔قبل ازیں پی ڈی پی کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا: پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی نے پریس کونسل آف انڈیا اور ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے جس میں کشمیر میں صحافیوں کی منظم ایذا رسانی کے معاملے کو اٹھایا گیا ہے ۔ٹویٹر ہینڈل پر انگریزی زبان میں تحریر مذکورہ مکتوب کے متن کو بھی اپ لوڈ کیا گیا ہے۔