پی ایف آئی پر پابندی اندرونی سرجیکل اسٹرائیک : وزیر داخلہ
بھوپال، ستمبر۔ مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) پر پابندی لگانے کے مرکزی حکومت کے قدم کا آج خیر مقدم کیا اور کہا کہ یہ ایک طرح کی اندرونی سرجیکل اسٹرائیک ہے۔نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ڈاکٹر مشرا نے کہا کہ اب تک مدھیہ پردیش میں پی ایف آئی سے تعلق رکھنے والے 25 لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان سے پوچھ گچھ کے بعد شواہد ملتے ہی تمام سلیپر سیل پکڑ میں آتے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ایف آئی پر پابندی اندرونی سرجیکل اسٹرائیک کے مترادف ہے۔ اس سے اس تنظیم کا پورا نظام تباہ ہو جائے گا۔ بی جے پی حکومت خوشامد میں یقین نہیں رکھتی۔ مرکزی حکومت کا یہ قدم قابل خیر مقدم ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ایسی تنظیم پر پابندی جو ملک میں مختلف مقامات پر قتل و غارت میں ملوث پائی گئی ہے، ایک خوش آئند قدم ہے۔ادھر مدھیہ پردیش میں بھی اس تنظیم کے خلاف مسلسل کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔ اجین میں پی ایف آئی کے دفتر کو سیل کئے جانے کی بھی اطلاع ہے۔