پنجاب پولس نے نارکو-ٹیررزم ماڈیول کار پردہ فاش کیا، اسلحہ اور ہیروئن برآمد

امرتسر، اکتوبر۔ پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان کی ہدایت پر پنجاب پولس نے تہواروں کے موسم سے قبل سماج دشمن عناصر کے خلاف چوکسی بڑھا دی ہے۔پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) گورو یادو نے منگل کے روز یہاں کہا کہ امرتسر دیہی پولیس نے آئی ایس کے حمایت یافتہ نارکو-ٹیررزم ماڈیول کا پردہ فاش کیا ہے۔ اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہونے کے بعد اس کے کلیدی آپریٹر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس ماڈیول کو کناڈا میں مقیم لکھبیر سنگھ عرف لنڈا، پاکستان میں مقیم ہرویندر سنگھ رندا اور اٹلی میں مقیم ہرپریت سنگھ عرف ہیپی مشترکہ طور پر چلا رہے ہیں۔مسٹر گورو یادو نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت یوگراج سنگھ عرف یوگ کے طور پر کی گئی ہے، جو گاؤں راجوک، ترن تارن کا باشندہ ہے، اس کے علاوہ پولس نے مزید پانچ ساتھیوں کی بھی شناخت کی ہے، جو پنجاب اور ملحقہ ریاستوں میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔پولیس نے آر ڈی ایکس سے بھرے ٹفن باکس میں نصب ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلہ (آئی ای ڈی) یا ٹفن بم، دو جدید ترین AK-56 رائفلیں جن میں دو میگزین اور 30 ​​کارتوس، ایک 30 بور پستول چھ کارتوس اور ملزم کے قبضے سے دو کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔مسٹر یادو نے کہا کہ گرفتار ملزم یوگراج اس ماڈیول کا اہم آپریٹر ہے اور ریاستی پولس کو کم از کم پانچ مجرمانہ معاملوں میں مطلوب ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگراج بڑے پیمانے پر اسلحہ اور منشیات کی کھیپ کی سپلائی اور تقسیم میں سرگرم عمل تھا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولس (ایس ایس پی) امرتسر دیہی سوپنا شرما نے کہا کہ پولیس نے لنڈا-رندا دہشت گرد ماڈیول کے ارکان کو بے نقاب کرنے میں بڑی کارروائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولس اس ماڈیول گینگ کے پانچ ارکان کی شناخت کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید تفتیش جاری ہے اور جلد ہی مزید ہتھیار اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہونے کی امید ہے۔دریں اثناء، رامداس، امرتسر دیہی میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 21/27-A/29/61/85 اور آرمس ایکٹ کی دفعہ 25/54/59 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

 

Related Articles