پانتھ چوک سری نگر تصادم: جیش کے 3 جنگجو ہلاک، سیکورٹی فورسز کے چار اہلکار زخمی
سری نگر، دسمبر۔ جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے پانتھ چوک علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین شبانہ تصادم کے دوران جیش محمد نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ 3 جنگجو ہلاک جبکہ ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں سی آر پی ایف جوان سمیت 4 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ مہلوک جنگجوؤں میں سے ایک جنگجو کی شناخت جیش محمد سے وابستہ سہیل احمد راتھر کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ سہیل زیون سری نگر میں پولیس بس پر ہونے والے حملے میں ملوث تھا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ زیون حملے میں ملوث تمام ملی ٹنٹوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کشمیر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران الگ الگ تصادم آرائیوں میں 9 جنگجوؤں کو مارا گیا۔قبل ازیں پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک مشتبہ شخص کو پکڑنے کی خاطر سیکورٹی فورسز نے جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب کو سری نگر کے مضافاتی علاقے گومندر پانتھ چوک کو محاصرے لے کر جوں ہی ایک رہائشی مکان کے اندر جانے کی کوشش کی تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں تین پولیس اور ایک سی آر پی ایف اہلکار سمیت چار جوان زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ چھڑ گئی۔دریں اثنا پولیس نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان و مال کی محافظ ہیں لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کیلئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔