ٹی آرایس کے صدر کا 25اکتوبر کو انتخاب ہوگا

پارٹی کے قیام کے دودہائیوں کی تکمیل،بڑے پیمانہ پر تقاریب ہوں گی

حیدرآباد، اکتوبر ۔تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کے صدرکا انتخاب 25اکتوبر کوہوگا۔پارٹی کا پلینری اجلاس بھی اسی تاریخ کو منعقد کیاجائے گا۔پارٹی،اس کے قیام کے دو دہائیوں کی تکمیل کی تقاریب بڑے پیمانہ پر 15نومبرکومناناچاہتی ہے۔ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و پارٹی کے کارگذارصدرتارک راما راو جو وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے فرزند بھی ہیں نے اس خصوص میں حیدرآباد میں پارٹی کے ہیڈکوارٹرس تلنگانہ بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے قوانین کے مطابق پارٹی صدر کاانتخاب ہر دو سال میں ہونا ہوتا ہے۔ہر سال پارٹی کی یوم تاسیس منانے کے لئے 27اپریل کو پلینری منعقد کرنے کی روایت رہی ہے تاہم سال 2019میں لوک سبھا انتخابات اور گذشتہ دو سالوں کے دوران کوویڈ کی وبا کی وجہ سے یہ دونوں نہیں ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں کورونا کی شدت دیگر ریاستوں کے مقابلے کافی کم ہے اورریاست میں بڑے پیمانہ پر ٹیکہ اندازی بھی جاری ہے۔اسی لئے 25اکتوبر کو پلینری سیشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ انتخابی شیڈول 17اکتوبر کو جاری کیاجائے گااور پرچہ نامزدگیاں 22اکتوبر تک وصول کی جائیں گی۔23اکتوبر کو پرچہ نامزدگیوں کی جانچ ہوگی اور 24اکتوبر نام واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی۔انہوں نے کہاکہ 25اکتوبر کو ہائی ٹیکس میں ہونے والے جنرل باڈی کے اجلاس میں صدر کومنتخب کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ اس اجلاس میں ٹی آرایس کے ریاست بھر سے تعلق رکھنے والے تقریبا 14ہزار منتخب نمائندے شرکت کریں گے۔پارٹی کا پلینری سیشن صدر کے انتخاب کے بعد بھی جاری رہے گا۔

Related Articles