ٹیچر گھوٹالہ: کلکتہ ہائی کورٹ نے ڈبلیو بی ایس ایس سی کے سابق صدر کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا
کولکاتہ، دسمبر۔کلکتہ ہائی کورٹ کی ایک ڈویزن بنچ نے جمعرات کو مغربی بنگال اسکول سروس کمیشن (ڈبلیو بی بی ایس سی) کے سابق چیئرمین اور شمالی بنگال یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر سبریش بھٹاچاریہ کو اساتذہ کی بھرتی کے گھوٹالے میں ضمانت دینے سے انکار کردیا۔ نچلی عدالت میں ضمانت مسترد ہونے کے بعد، بھٹاچاریہ نے کلکتہ ہائی کورٹ کے جسٹس جوئے مالیہ باغچی اور جسٹس اجے کمار گپتا کی ڈویزن بنچ کے سامنے ضمانت کی اپیل کی۔ بنچ نے سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) سے بھٹاچاریہ کے خلاف درج مقدمات کی تعداد کی تفصیلات فراہم کرنے کو کہا۔ اس معاملے کی دوبارہ سماعت 21 دسمبر کو ہوگی۔ جمعرات کو بھٹاچاریہ کے وکیل نے ضمانت کی درخواست داخل کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ان کا موکل 88 دنوں سے عدالتی حراست میں ہے۔ بھٹاچاریہ کے وکیل نے دلیل دی، وہ پانچ بار سی بی آئی کی طرف سے پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہوئے اور تفتیشی عمل میں تعاون کیا۔ اس معاملے میں چارج شیٹ بھی داخل کی گئی ہے اس لیے اب میرے مؤکل کو ضمانت دی جا سکتی ہے۔ بھٹاچاریہ کو سی بی آئی نے 19 ستمبر کو اساتذہ کی بھرتی گھوٹالہ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔