نئی نسل کو پشت بہ دیوار کرنے کی کوئی بھی کثر باقی نہیں چھوڑی جارہی ہے: عمر عبدا ﷲ
سری نگر،مارچ۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمرعبدا للہ نے بدھ کے روز کہا کہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو اس وقت گوناگوں مسائل اور چیلنجوں کا سامنا ہے اور حکومتی سطح پر یہاں کی نئی نسل کو پشت بہ دیوار کرنے کی کوئی بھی کثر باقی نہیں چھوڑی جارہی ہے۔ ان باتوں کا اظہارموصوف نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر پارٹی کے یوتھ ونگ کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عمر عبداللہ نے کہا کہ موجودہ دور میں کشمیری نوجوانوں کو ہر سطح پر نظرانداز اور پشت بہ دیوار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں کیلئے مخصوص روزگار اب باہری ریاستوں سے تعلق رکھنے والے اُمیدواروں کو دیا جار ہاہے، یہاں کے پڑھے لکھے نوجوانون کیلئے روزگار کے مواقعے معدوم کرکے رکھ دیئے گئے ہیں جس کی وجہ سے یہاں بے روزگار کی تمام حدیں پار ہوگئی ہیں۔اُن کے مطابق جموں وکشمیر میں ملکی سطح پر بے روزگاری کی شرح 22 فیصد سے پہلے نمبر پر ہے جبکہ پڑھے لکھے نوجوانوں کی بے روزگاری کی شرح 46.3فیصد پہنچ گئی ہے۔ نوجوان نسل اس وقت ذہنی پریشانیوں اور مایوسی کے بھنور میں ہیں اور یہ صورتحال نوجوانوں کو برے کاموں کی طرف دھکیل رہی ہے۔