مودی یوکرین سے واپس آنے والے میڈیکل طلباء کے مستقبل کے لیے ضروری اقدامات کریں: اسٹالن
چنئی، جولائی۔تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے اتوار کو وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ وہ یوکرین سے واپس آنے والے میڈیکل طلباء کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔مسٹر اسٹالن کی طرف سے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط کی کاپیاں آج یہاں میڈیا کو جاری کی گئیں۔ انہوں نے اس معاملے میں وزیر اعظم سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا اور اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کے لیے ریاستی حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔وزیر اعلیٰ نے مسٹر مودی کی توجہ یوکرین سے واپس آنے والے میڈیکل طلباء کی حالت کے بارے میں لوک سبھا میں دیے گئے حالیہ جواب کے بارے میں طلباء کی تشویش کی طرف مبذول کرائی اور ان سے ان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی درخواست کی۔واضح رہے کہ لوک سبھا میں اس سلسلے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں صحت وخاندانی فلاح و بہبود کے وزیر مملکت نے کہا کہ نیشنل میڈیکل کمیشن (این ایم سی) نے کسی بھی غیر ملکی میڈیکل طالب علم کی انڈین میڈیکل انسٹی ٹیوٹ یا یونیورسٹی میں منتقل کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔خط میں انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے اپنی پڑھائی جاری رکھنے کے لیے ٹھوس اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے طلبہ میں مایوسی کا احساس ہے۔ انہوں نے مسٹر مودی سے ملک کے میڈیکل کالجوں میں ان طلباء کی تعلیم کے لیے این ایم سی اور متعلقہ مرکزی وزارتوں کے ایکٹ میں ضروری ترامیم کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمل ناڈو کے تقریباً 2000 میڈیکل طلباء یوکرین میں لڑائی کے بعد واپس آئے ہیں۔ جو کہ دیگر ریاستوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر طلباء کے لیے وہاں سے فوری طور پر واپس لوٹنا عملی طور پر ممکن نہیں ہے۔