مودی کو کرناٹک کے مسائل پر بات کرنی چاہئے، خود پر نہیں: راہل
تمکورو، مئی ۔کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے پیر کو کہا کہ اپنے بارے میں بات کرنے کے بجائے وزیر اعظم نریندر مودی کو کرناٹک کے مسائل پر بات کرنی چاہئے۔مسٹر گاندھی نے یہاں تمکورو ضلع میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ‘آپ (مسٹر مودی) انتخابات کی مہم چلانے کے لیے کرناٹک آتے ہیں، لیکن یہاں کی بات نہیں کرتے۔ آپ اپنے بارے میں بولتے ہیں۔ آپ کو اس بات پر بھروسہ کرنا ہوگا کہ آپ نے پچھلے تین سالوں میں کرناٹک میں کیا کیا ہے اور اگلے پانچ سالوں میں آپ کیا کرنا چاہتے ہیں۔ تعلیم اور صحت کے شعبے کی بہتری کے علاوہ کرپشن کے خلاف کیا کریں گے؟اس سے پہلےکانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے اتوار کو ایک جلسہ عام میں کہا کہ وزیر اعظم کے دفتر نے مسٹر مودی کے لئے بدسلوکی کی فہرست تیار کی ہے، لیکن کرناٹک کے لوگوں کے مسائل پر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی پہلے وزیر اعظم ہیں جو ان کے ساتھ بدسلوکی کے وقت رو پڑے، جب کہ اندرا گاندھی کو گولیاں لگیں اور راجیو گاندھی نے ملک کے لیے اپنی جان دے دی۔ انہوں نے کہاکہ ‘میں نے بہت سے وزرائے اعظم کو دیکھا ہے، اندرا (گاندھی) جی، انھوں نے اس ملک کے لیے گولیاں کھائی تھیں۔ میں نے راجیو گاندھی کو دیکھا ہے، انہوں نے اس ملک کے لیے اپنی جان قربان کی۔ میں نے پی وی نرسمہا راؤ اور منموہن سنگھ کو ملک کے لیے سخت محنت کرتے دیکھا ہے۔ لیکن وہ (مودی) پہلے وزیر اعظم ہیں جنہیں میں نے دیکھا ہے، جو آپ کے سامنے آتے ہیں اور روتے ہیں کہ ان کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔واضح رہے کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے ‘زہریلے سانپ’ کے تبصرہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے مسٹر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ کانگریس پارٹی نے اب تک ان کے خلاف 91 طرح کی گالیوں کا استعمال کیا ہے۔