ملک میں سات آٹھ برسوں میں کام کا کلچر بدلا ہے: مودی

نئی دہلی، اکتوبر ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ ان کی حکومت کے دور میں کی گئی سخت محنت سے "ملک میں کام کے کلچر میں تبدیلی آئی ہے” اور مرکزی محکموں کی کارکردگی میں اضافہ ہواہے۔مسٹرمودی نے کہا کہ ان کی حکومت گزشتہ آٹھ سال سے روزگار اور خود روزگار میں اضافہ کرنے کی مسلسل کوششیں کر رہی ہے اور پچھلے آٹھ سال میں لاکھوں نوجوانوں کو تقرری نامے دیے گئے ہیں۔ وزیر اعظم آج حکومت کی جانب سے منعقدہ روزگار میلے کا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے افتتاح کر رہے تھے۔ اس موقع پرمرکز کے مختلف محکموں اورمختلف عہدوں پر منتخب ہونے والے 75000 امیدواروں کو تقرری نامےدیے گئے۔مسٹر مودی نے تقرری کے عمل کو تیز کرنے کے بارے میں کہا، "کچھ ہی مہینوں میں لاکھوں بھرتیوں سے متعلق عمل کو مکمل کرنا، تقرری نامے دینا، یہ خود ظاہر کرتا ہے کہ پچھلے سات آٹھ برسوں میں سرکاری نظام میں کتنی بڑی تبدیلی لائی گئی ہے۔”انہوں نے کہا کہ ہم نے آٹھ دس سال پہلے کے وہ حالات بھی دیکھے ہیں جب چھوٹی سی سرکاری نوکری میں بھی کئی کئی مہینے لگ جاتے تھے۔ سرکاری فائل پرایک ٹیبل سے دوسرے ٹیبل تک پہنچتے پہنچتے دھول جم جاتی تھی لیکن اب ملک کے حالات بدل رہے ہیں، ملک میں کام کا کلچر بدل رہا ہے۔وزیر اعظم نے کہا، "آج اگر مرکزی حکومت کے محکموں میں اتنی جلد بازی، کام میں اتنی بہتری آئی ہے، تو اس کے پیچھے سات آٹھ سال کی سخت محنت ہے، کرم یوگیوں کا عظیم عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ برسوں میں پہلے بھی لاکھوں نوجوانوں کو تقرری نامے دئے گئے ہیں، لیکن اس بار ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک ساتھ تقرری لیٹر دینے کی روایت بھی شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ برسوں میں ملک میں روزگار اور خود روزگار کی جو مہم چل رہی ہے، آج اس میں ایک اور کڑی شامل ہو رہی ہے۔مسٹرمودی نے کہا، "سرکاری محکموں میں مقررہ وقت میں عمل کو مکمل کرنے اور مقررہ اہداف کو جلد از جلد حاصل کرنے کے لیے ایک اجتماعی مزاج پروان چڑھے، اجتماعی کوشش ہو۔ اسی لیے حکومت ہند میں اس قسم کا روزگارمیلا شروع کیا گیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں حکومت ہند کی طرف سے وقتاً فوقتاً اسی طرح کے تقرری نامےلاکھوں نوجوانوں کو دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی گروپ سی اور ڈی خدمات میں انٹرویو کے عمل کو ختم کرنے سے بھی لاکھوں نوجوانوں کو بہت فائدہ ہوا ہے۔مسٹرمودی نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ بی جے پی کی زیرقیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے زیر اقتدار کئی ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے اور بی جے پی کی حکومتیں بھی اپنے یہاں اسی طرح کے روزگار میلوں کا انعقاد کرنے جارہی ہیں۔ جموں و کشمیر، دادرا اور نگر حویلی، دمن دیو اور انڈمان نکوبار میں بھی آنے والے دنوں میں اسی طرح کے پروگراموں کا انعقاد کرکے ہزاروں نوجوانوں کو تقرری نامے دینے والے ہیں۔انہوں نے آج کے پروگرام میں تقرری نامہ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی۔

Related Articles