مراٹھواڑہ کے کئی علاقوں میں مسلسل چوتھے دن غیر موسمی بارش
چھترپتی سمبھاجی نگر، اپریل ۔ مہاراشٹر کے مراٹھواڑہ خطہ کے کئی علاقوں کے ساتھ ساتھ ریاست کے دیگر حصوں میں گزشتہ چند دنوں سے غیر موسمی بارش نے کھیتوں میں کھڑی ربیع کی فصلوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔مراٹھواڑہ کے لاتور، پربھنی، بیڈ، ناندیڑ اضلاع کے ساتھ چھترپتی سمبھاجی نگر سے یہاں پہنچنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ ان علاقوں میں کل شدید بارش ہوئی۔ لاتور ضلع میں ایک شخص کو کرنٹ لگ جانے کی خبر ہے اور ایک اور شخص سیلاب کی وجہ سے جاں بحق ہوگیا۔ لاتور ضلع میں آسمانی بجلی گرنے سے سات مویشی بھی مر گئے۔جالنا ضلع سے موصولہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ غیر موسمی بارش نے ضلع کے مختلف علاقوں کو متاثر کیا ہے۔ بھوکردان تعلقہ میں کھیت کی فصلیں پانی میں ڈوب گئی ہیں اور پارد میں رائیگھول ندی میں طغیانی آ گئی ہے۔ جعفرآباد کے تالیگاؤں علاقے میں کل موسلا دھار بارش ہوئی، بیڈ ضلع کے کیج تعلقہ کے تمباوا، جنگاؤں، سارنی، آنندگاؤں علاقوں میں ژالہ باری ہوئی، جس سے پھلوں کے باغات کو بھاری نقصان پہنچا۔ پربھنی ضلع میں گنگا کھیڈ، پورنا، پالم، سیلو، مناوات، جنتور، پاتھاری جیسے مقامات پر زبردست بارش ہوئی۔ناندیڑ ضلع سے موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ کنوٹ، اردھ پور، مالیگاؤں اور وشنو پوری علاقوں میں بھی کل شدید بارش ہوئی۔ ناندیڑ شہر اور آس پاس کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔ بے موسمی بارشوں سے آم، تربوز اور ربیع کی دیگر فصلوں اور پھلوں کی فصلوں کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔