مدھیہ پردیش کی آبی پالیسی جلد آئے گی – شیوراج
بھوپال، جنوری ۔مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج کہا کہ ریاستی حکومت پانی کے تحفظ کے معاملے پر بہت سنجیدہ ہے اور اس سے متعلق مختلف پہلوؤں پر توجہ دینے والی ریاست کی آبی پالیسی جلد ہی سامنے آئے گی۔مسٹرچوہان یہاں پہلی آل انڈیا اسٹیٹ منسٹرس کانفرنس ‘واٹر ویژن @ 2047 سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس کانفرنس سے ورچوئلی خطاب کیا۔ اس میں مرکزی جل شکتی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت، مرکزی وزیر پرہلاد پٹیل اور مختلف ریاستوں کے آبی وسائل کے وزراء بھی موجود تھے۔مسٹرچوہان نے پانی اور ماحولیات کے تحفظ کی سمت میں ریاست میں ہو رہے کاموں کے بارے میں بتایا اور کہا کہ حکومت ایک آبی پالیسی بھی بنا رہی ہے۔ اس میں پانی کے تحفظ اور اس کے مختلف جہتوں کوشامل کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلدہی آبی پالیسی کو منظر عام پر لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پانی کے تحفظ کے لیے درختوں کو بچانے اور ماحولیات کے تحفظ کی بھی ضرورت ہے۔ ان کا ایک دوسرے سے تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی گزشتہ دو سال سے لگاتار روزانہ پودے لگا رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر موجود مرکزی وزراء اور ریاستی وزراء کو کل یہاں اپنے ساتھ پودا لگانے کی دعوت دی۔مسٹرچوہان نے کہا کہ پانی کا تحفظ ہماری ثقافت میں شامل ہے۔ لیکن گزشتہ چند دہائیوں سے پانی اور درختوں کی دولت کا اندھا دھند استحصال ہو رہا ہے۔ جس کی وجہ سے ماحولیاتی توازن بگڑ رہا ہے۔ لیکن کئی جگہوں پر پانی کے تحفظ اور ماحولیات کے تحفظ کی سمت میں بہتر کام کیا گیا ہے اور اب صورتحال ایک بار پھر بدل رہی ہے۔بڑھتی ہوئی شہری کاری اور آنے والے وقتوں میں شہروں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے چیلنج کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سمت میں سب کو مل کر کام کرنا ہوگا اور عوامی شراکت بڑھانے پر زور دینا ہوگا۔ ریاست میں عوامی شراکت سے کئے گئے بہت سے کاموں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے پانی کی بچت بھی بہتر طریقے سے کی جا سکتی ہے۔