لیزااسٹالیکر ایف آئی سی اے کی پہلی خاتون صدر بنیں
نیون، جون ۔آسٹریلیا کی سابق کھلاڑی لیزااسٹالیکر فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (ایف آئی سی اے) کی پہلی خاتون صدر بن گئی ہیں۔ اسٹالکر کی تقرری کی تصدیق سوئزرلینڈ کے شہر نیون میں ایف آئی سی اے کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے دوران ہوئی۔ لیزااسٹالیکر سے پہلے جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز بیری رچرڈز، سابق کیریبین آل راؤنڈر جمی ایڈمز اور انگلینڈ کے سابق بلے باز وکرم سولنکی اس عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ 42 سالہ اسٹالیکر187 بین الاقوامی میچوں میں ٹیم کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ 2010 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کی جیت میں اسٹالکر نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہیں 2007 اور 2008 میں آسٹریلیا کی بہترین بین الاقوامی خاتون کھلاڑی کو دیا جانے والا باوقار بیلنڈا کلارک ایوارڈ بھی دیا جاچکاہے۔ بطورصدر منتخب ہونے کے بعداسٹالیکر نے کہا، میں فیکا کی نئی صدر بننے پر بے حد خوش اور پرجوش ہوں۔ ہم کھیل کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں جس میں ہمارے مرد اور خواتین کھلاڑیوں کے لیے پہلے سے زیادہ کرکٹ شامل ہے۔ پہلے سے زیادہ ملک اس کھیل کو کھیل رہے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کرکٹ یقینی طور پر ایک عالمی کھیل بنتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا، میں اپنی رکن پلیئر ایسوسی ایشنز اور کھلاڑیوں کی جانب سے کام کرنے کی منتظر ہوں۔ خاص طور پر، میں آئی سی سی کے ساتھ کام کرنے کے لئے پرجوش ہوں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ تمام کھلاڑیوں کے حقوق کا تحفظ ہے اور وہ ہمارے کھیل کو مزید بہتربنانے کے لئے افسران کے ساتھ شراکت داری کرکے کام کرسکتے ہیں۔ ‘‘ اسٹالیکر نے 2001 میں آسٹریلیا کے لیے ڈیبیو کیا۔ انہوں نے 125 ون ڈے میچوں میں دو سنچریوں اور 16 نصف سنچریوں کی مدد سے 2728 رنز بنائے۔ اپنی آف اسپن باؤلنگ کی بدولت وہ اب بھی ون ڈے کرکٹ میں وکٹ لینے والوں کی فہرست میں ٹاپ 10 میں موجود ہے۔ اسٹالیکر نے 2013 میں ورلڈ کپ فاتح کے طور پر اپنے کیریئر کا خاتمہ کیا۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف فائنل میں 20 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ 2021 میں آسٹریلیائی کرکٹ ہال آف فیم میں شامل ہونے والی صرف چوتھی خاتون بن گئیں۔