غریبوں کی فلاح و بہبود کے لیے پیسوں کی کوئی کمی نہیں ہے:شیوراج

ستنا ، اکتوبر۔ غریبوں اور پسماندہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے آج کہا کہ فنڈز کی کمی سامنے نہیں آئے گی۔مسٹر چوہان نے رائے گاؤں اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی امیدوار محترمہ پریما باگڑی کے حق میں مہاتین میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔انہوں نے مرکزی اور ریاستی بی جے پی حکومتوں کے غریبوں کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا اور کہا کہ فلاحی اسکیمیں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔اپنے خطاب کے دوران انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر کمل ناتھ پر بھی حملہ کیا اور کہا کہ وہ آج پوچھنا چاہتے ہیں کہ انہوں نے وزیراعلیٰ بنتے ہی سنبل یوجنا کو کیوں روک دیا۔ اس اسکیم کے تحت حکومت کی جانب سے غریب ہونہار بچوں کی اعلیٰ تعلیم کے لیے فیس ادا کرنے کا التزام تھا۔ اسی طرح غریبوں کو سستے نرخوں پر گندم، چاول دینے کی اسکیم بی جے پی حکومت نے ہی شروع کی مسٹر چوہان نے بتایا کہ ریاستی حکومت بنگالی بھائیوں اور بہنوں کے لیے زمین کے پٹے بھی فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی بنگلہ دیش میں ہندو بھائیوں اور بہنوں پر مظالم کی اطلاعات ہیں۔ اس علاقے میں رہنے والے بنگالیوں کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ یہ بھائی بہن ان کے اپنے ہیں اور حکومت ان کے تمام مسائل حل کرے گی۔مسٹر چوہان نے بتایا کہ ریاستی حکومت سیلف ہیلپ گروپس کی بہنوں کی آمدنی کو دس ہزار روپے ماہانہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اسی لیے ان سے غذائیت سے بھرپور خوراک بنوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریبا 800 کروڑ روپے ہر سال ریاست میں غذائیت سے بھرپور خوراک بنانے کے کام پر خرچ ہوتے ہیں۔ اب یہ کام ٹھیکیداروں سے لے کر سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعہ ہوگا۔

Related Articles