عصمت دری، قتل اور اغوا معاملے میں تلنگانہ جنوبی ہندوستان میں سرفہرست:شرمیلا
حیدرآباد اکتوبر۔وائی ایس آرتلنگانہ پارٹی کی صدر وائی ایس شرمیلا نے الزام لگایا ہے کہ خواتین اور لڑکیوں کی عصمت دری، قتل اور اغوا کے معاملے میں تلنگانہ جنوبی ہندوستان میں سرفہرست ہے۔شرمیلا کی پرجاپرستھانم یاترا ضلع میدک کے کلچرم منڈل کے چنہ گھن پور سے شروع ہوئی جو میدک ٹاون تک جاری رہی۔ انہوں نے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو پر الزام لگایا کہ انہوں نے اقتدار میں آنے کے 100 دنوں کے اندر نظام شوگر فیکٹری کھولنے کا وعدہ کیا تھا تاہم اس وعدہ سے انحراف کیاگیا۔ اس یاترا کے دوران انہوں نے ریاست کے بیشتر طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔انہوں نے نوجوانوں کے مسائل کی بھی سماعت کی۔شرمیلا کی یاترا پر عوام کا بہتر ردعمل حاصل ہورہا ہے۔ یاترا کے دوران عوامی مسائل اٹھانے کے ساتھ ساتھ شرمیلا حکومت کی ناکامی کو عوام کے درمیان لے جارہی ہیں۔ شرمیلا نے خودکشی کرنے والے کسانوں کے خاندانوں سے بھی ملاقات کی جہاں انہوں نے ان کسانوں کے خاندانوں کو پُرسہ دیتے ہوئے ان میں حوصلہ پیداکرنے کی کوشش کی۔مختلف مقامات پر خطاب کے دوران شرمیلا نے ریاستی حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔