عالمی برادری سوڈان میں قیام امن کے لیے کردار ادا کرے: سعودی عرب
ریاض،جون۔منگل کے روز خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت جدہ کے پیس پیلس میں وزراءکی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔اس موقعے پر کابینہ نے برادر ملک سوڈان میں دیر پا قیام امن اور سیاسی بحران کے خاتمے کے لیے عالمی برادری سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔سعودی عرب کے قائم مقام وزیر مملکت برائے اطلاعات اور کابینہ میں وزیر مملکت ڈاکٹرابراہیم بن عبدالعزیزالعساف کا ایک بیان سعودی پریس ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے ذریعے شائع ہوا ہے۔ اس بیان میں ڈاکٹرعساف نے کہا کہ وزارتی کونسل نے سوڈان میں انسانی حقوق کے حوالے سے جو موقف انسانی حقوق کونسل کے سامنے پیش کیا ہے اس پر قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سوڈانی قوم کو امن واستحکام کی ضرورت ہے۔ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سوڈان میں قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔سعودی کابینہ نے حکومت کی طرف سے یمن کے حوثیوں کی مدد کرنے والے آٹھ افراد اور گیارہ اداروں کو بلیک لسٹ کرنے کے اقدام کی بھی توثیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا یمن کی عوام کو مشکلات سیدوچار کرنے کے ساتھ ساتھ پڑوسی ملکوں کی سلامتی کو بھی خطرے میں ڈال رہی ہے۔ حوثی ملیشیا کی مدد کرنے والے اداروں اور شخصیات نے یمن میں تشدد کو ہوا دی۔وزراء کی کونسل نے سعودی عرب۔ مراکش کمیٹی کے تیرھویں اجلاس کے نتائج کی تعریف کو سراہا اور کہا کہ یہ اجلاس دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے، انہیں مطلوبہ امنگوں کی سطح پر لانے کے ساتھ ساتھ مختلف علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر نقطہ نظر میں اتفاق رائے کی عکاسی کرتا ہے۔