شرمیلا کی پدیاترا میں رکاوٹ، ٹی آرایس کارکنوں کی کوشش

حیدرآباد۔اکتوبر۔ وائی ایس آرکانگریس پارٹی کی بانی وصدر وائی ایس شرمیلا کی پدیاترا میں رکاوٹ پیدا کرنے کی ٹی آرایس کارکنوں نے کوشش کی۔شرمیلا، ضلع جگتیال کے کورٹلہ حلقہ میں راگھوپیٹ میں کل شب پدیاترا کے دوران خطاب کررہی تھیں۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ کورٹلہ کے رکن اسمبلی ودیاساگر کی جانب سے کئے گئے وعدہ کو پورانہیں کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ نظام شوگر فیکٹری کو کھولنے کا وعدہ کرتے ہوئے دھوکہ دیاگیا۔شرمیلا نے کہاکہ 100دنوں میں اس فیکٹری کو کھولنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔ اس موقع پر شرمیلا نے ٹی آرایس کے کارکنوں پر شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے رکن اسمبلی نے شوگر فیکٹری نہ کھول پانے کی صورت میں اسی فیکٹری کے سامنے پھانسی لینے کا وعدہ کیا تھا۔اگر ان میں دم ہے تواپنے وعدہ کو پوراکریں۔ٹی آرایس کارکنوں نے اس یاترا میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ متعلقہ رکن اسمبلی ودیاساگر کا آبائی موضع ہونے کے سبب ان کے خلاف بات نہ کی جائے۔اس موقع پر وائی ایس آرتلنگانہ پارٹی اور ٹی آرایس کارکنوں کے درمیان بحث وتکرار ہوئی۔اس واقعہ کے سبب کچھ دیر کے لئے کشیدگی پھیل گئی تاہم وہاں موجود پولیس نے دونوں گروپس کے جذبات کو سرد کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کیا۔

Related Articles