شاہ بپلب حکومت کی 4 ویں سالگرہ پر تریپورہ جائیں گے

اگرتلہ، مارچ۔ تریپورہ میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پراپوزیشن کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے درمیان مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ بپلب حکومت کی چوتھی سالگرہ منانے کے لیے 8 مارچ کو تریپورہ کا دورہ کریں گے۔اطلاعات کے مطابق وزیر داخلہ وویکانند اسٹیڈیم میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے اور کچھ ترقیاتی کاموں کا افتتاح بھی کریں گے۔ مسٹرشاہ ادھے پور کے تریپورہ سندری مندر میں پوجا کرکے نیشنل فرانزک سائنس یونیورسٹی کیمپس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ریاست کے دو قد آورلیڈروں سدیپ رائے برمن اور آشیش ساہا کے پارٹی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہونے کے بعد کئی لیڈر بی جے پی کا دامن چھوڑ سکتے ہیں ۔بی جے پی کے حلقوں میں خدشہ ہے کہ موجودہ اتحادی جماعت قبائل پر مبنی آئی پی ایف ٹی اتحاد سے الگ ہو کر اور پردیوت کشور دیب برمن کی ٹپرا موتھا میں شامل ہو سکتی ہے ۔یہ کہا جا رہا ہے کہ بی جے پی اراکین اسمبلی کا ایک گروپ وزیر اعلیٰ سے ناخوش ہے اور قانون کے مطابق اپنے فائدے حاصل کرنے کے لیے اراکین اسمبلی کے طور پر اپنا چوتھا سال مکمل کرتے ہی باہر نکلنے کا منصوبہ بنا سکتے ہیں ۔ ایسے میں شاہ کے دورہ تریپورہ کو حکمراں پارٹی کے اراکین اسمبلی کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے اور آئی پی ایف ٹی کے ساتھ اختلافات کو دور کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا’’امت جی اگلے کے اوائل میں شروع ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے حکمت عملی تیار کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ اور پارٹی کے ریاستی صدر مانک ساہا کے ساتھ الگ الگ میٹنگ کریں گے ۔ اس کے علاوہ وہ اراکین اسمبلی، وزراء، آئی پی ایف ٹی لیڈروں اور پارٹی کے اہم عہدیداروں سے بات چیت کریں گے۔ پارٹی میں بڑے پیمانے پر تبدیلی آئے گی، حکومت کے کام کاج اورعوام کی زیادہ تر امنگیں آئندہ چند ماہ میں پوری ہو جائیں گی۔

Related Articles