سینگور میں بی جے پی کا تین روزہ دھرنا شروع۔۔

کلکتہ، دسمبر ۔کسانوں کے مسائل کو لے کر بی جے پی کا تین روزہ دھرنا آج ہگلی ضلع کے سینگور میں آج سے شروع ہوگیا ہے۔اس سے قبل پولس نے بی جے پی کو دھرنے کی مشروط اجازت دیتے ہوئے کہا تھا کہ درگا پور ایکسپریس وے کو بند نہیں کیا جائے گا۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسٹیج پر 50 سے 60 سے زیادہ لوگ نہیں ہو سکتے۔تاہم بڑی تعداد میں بی جے پی کے ریاستی قیادت وہاں موجود ہیں۔بی جے پی کے کسان تحریک کے اسٹیج پر حیرت انگیز طور سینگور سے سابق ممبر اسمبلی رابندر ناتھ بھٹاچاریہ اسٹیج پر موجود نہیں ہے۔بھٹا چاریہ ممتا بنرجی کے سینگور تحریک میں کلیدی کردار ادا کیا گیا تھا مگر اس سال اسمبلی انتخابات میں ترنمول کانگریس نے رابندر ناتھ بھٹاچاریہ کی عمر کا حوالہ دیتے ہوئے ٹکٹ دینے سے انکار کردیا۔اس کے بعد رابندر ناتھ بھٹاچاریہ بی جے پی میں شامل ہوگئے اور انتخاب میں حصہ لیا مگر سینگور تحریک کے مقامی ہیرو رابندر ناتھ بھٹاچاریہ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے شوبھندو ادھیکاری نے کہا کہ ہمیں تمام روکاٹوں کو دورکرکے کسانوں کے حق میں تحریک چلانی ہوگی۔کسانوں کو مرکزی اسکیموں سے محروم کیاجارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی سینگور تحریک کے ذریعہ اقتدار میں آئیں مگر اقتدار میں آنے کے بعد ممتابنرجی کسانوں کیلئے کچھ نہیں کیا۔ممتا بنرجی نے کسانوں کے ساتھ دھوکہ دیا ہے۔ترنمول کانگریس کے سینئر وزیر فرہاد حکیم نے اس دھرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اب اسٹیج کو موڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس تحریک کا انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ سنگور پر اس طرح قبضہ نہیں کیا جا سکتا۔ سینگور ترنمول کانگریس کیلئے تھا اور رہے گا۔وہ ہمارے ماسٹر مائنڈ کو بھی لے گئے لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ ترنمول کانگریس کی جیت ہوئی۔یہاں کسی کی بھی نہیں چلے گی۔لاکٹ چٹرجی کو لوگ سننا نہیں چاہتے ہیں۔دلیپ گھوش اکیلے پڑگئے ہیں۔بی جے پی کا یہ دھرنا14 دسمبر سے 16 دسمبر تک جاری رہے گا۔اس سے قبل دھرنے کی اجازت نہیں ملنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی سیکریٹری سیانتن گھوش نے کہا تھا کہ اگر پولس نے سینگور میں روکا، تو یہ کروکشیتر بن جائے گا۔بی جے پی کے ورکر وہیں بیٹھ جائیں گے۔2006 میں سینگور میں ٹاٹا موٹرس کار کے نینو کار پروجیکٹ کیلئے حصول اراضی کے خلاف ممتا بنرجی کی تحریک نے انہیں اہم مقام پر پہنچایا اور وہ 34سالہ بائیں محاذ کی حکومت کا خاتمہ کرکے اقتدار پر پہنچیں۔

Related Articles