سونیا اور راہل مہنگائی ہٹاؤ ریلی کے لیے جے پور پہنچے
جے پور، دسمبر۔ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور سابق صدر راہل گاندھی پارٹی کی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت کے خلاف مہنگائی ہٹاؤ ریلی میں شرکت کے لیے آج دوپہر جے پور پہنچ گئے۔ وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے خصوصی طیارے میں ان کا استقبال کیا اور اس کے بعد وہ قافلے کے ساتھ بس کے ذریعے ریلی کے مقام ودیادھر نگر اسٹیڈیم کے لیے روانہ ہوئے جہاں وہ ریلی سے خطاب کریں گے۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بھی ریلی میں شرکت کے لیے پہنچ رہی ہیں۔ریلی کے مقام پر تین اسٹیجبنائے گئے ہیں۔ مرکزی اسٹیج پر پارٹی کے کئی سینئر لیڈران بشمول مسٹر راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، مسٹر گہلوت اور باہر سے آئے ہوئے سابق وزرائے اعلیٰ اور دیگر لیڈران موجود ہوں گے جب کہ دوسرا اسٹیج ریاستی وزراء سمیت دیگر لیڈران اور تیسر اسٹیج کئی عہدیداران اور دیگررہنماؤں کے لیے بنایا گیا جب کہ کارکنان اسٹیج کے سامنے کرسیوں پر بیٹھے ہیں۔ ریاست کے مختلف اضلاع سے پارٹی کے ہزاروں کارکنان ریلی میں شرکت کے لیے اسٹیڈیم پہنچ چکے ہیں اور لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران ا سٹیڈیم جانے سے پہلے ریاستی کانگریس کی طرف سے ہر کسی کو ماسک تقسیم کیے جا رہے ہیں تاکہ کوئی بھی بغیر ماسک کے اندر نہ جا سکے۔ ریلی میں خواتین کی بھی بڑی تعداد نظر آ رہی ہے۔ کانگریس کارکنان پارٹی کے نعروں کے ساتھ ریلی کے مقام پر پہنچ رہے ہیں۔ اس دوران کانگریس کارکنوں کا کہنا ہے کہ اس ریلی کا اثر مرکزی حکومت پر پڑے گا اور اس کے بعد آئندہ پانچ ریاستوں کے انتخابات کے پیش نظر مہنگائی میں کمی آئے گی۔