سابق وزیراعلیٰ جگدیش شیٹار کانگریس میں شامل ، بی جے پی پر توہین کا الزام

بنگلورو، اپریل۔ کرناٹک کے سابق وزیر اعلی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما جگدیش شیٹار پیر کے روز باضابطہ طور پر کانگریس پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے اتوار کو بی جے پی ایم ایل اے کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، کرناٹک کانگریس صدر ڈی کے شیوکمار اور اپوزیشن لیڈر سدارمیا نے مسٹر شیٹار کا پارٹی دفتر میں خیرمقدم کیا۔ پارٹی کے مرکزی لیڈر رندیپ سنگھ سرجے والا اور کے. سی وینوگوپال بھی اس پروگرام میں موجود تھے۔مسٹر شیٹار نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا، ‘مجھے اس پارٹی سےجبراً باہرنکال دیا گیا جو میں نے بنائی تھی۔ میں کانگریس کے نظریے اور اصولوں کو قبول کرتے ہوئے اس میں شامل ہو رہا ہوں۔بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ’پارٹی پہلے اور فرد بعد میں ‘ والے اپنے اصولوں سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب بی جے پی واضح طور پر ‘پارٹی بعد میں اور کچھ لوگ پہلے کے اصول پر کام کر رہی ہے۔مسٹر شیٹار نے کہا کہ بی جے پی قیادت نے ان کی توہین کی اور اپنے حلقہ میں زیر التواء کام مکمل کرنے کے لئے ٹکٹ کی درخواست کرنے کے باوجود انہیں محروم رکھا گیا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ وزیر یا وزیراعلیٰ بننے کی خواہش نہیں رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے بی جے پی کی مرکزی قیادت سے درخواست کی تھی کہ وہ انہیں ہبلی دھارواڑ سنٹرل حلقہ سے الیکشن لڑنے کی اجازت دیں اور چھ ماہ تک کام کرنےاور پھر استعفیٰ دینے کی اجازت فراہم کریں لیکن ان کی اس درخواست کو بھی مسترد کر دیاگیا۔انہوں نے بی جے پی پر توہین کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنی تکلیف ظاہر کی اور کہاکہ انہیں بغیر کسی پیشگی اطلاع کے ٹکٹ دینے سے منع کر دیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر کھڑگے نے کہا کہ مسٹر شیٹار کے پارٹی میں شامل ہونے سے کانگریس کا جوش اور بڑھے گا اور وہ اپنے دم پر زیادہ سیٹیں جیتنے کے اہل ہیں۔کانگریس صدر نے کہا، ‘مجھے جگدیش شیٹار کے بارے میں زیادہ کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کی کانگریس میں شمولیت سے پارٹی کے حوصلے بلند ہوں گے، وہ ایسے شخص ہیں جو نہ صرف خود جیتتے ہیں بلکہ زیادہ سیٹیں جیتنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ مسٹر شیوکمار نے کہا، مسٹر شیٹار نے کوئی مطالبہ نہیں رکھا اور نہ ہی ہم نے کچھ پیشکش کی ۔ انہیں پارٹی کے اصولوں اور قیادت سے اتفاق کرنا ہوگا۔مسٹر یدی یورپا کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر شیٹار نے کہا کہ انہوں نے کہا تھا کہ اگر انہیں (مسٹر شیٹار کو) کو ٹکٹ نہیں دیا گیا تو شمالی کرناٹک میں بی جے پی کی 20-25 سیٹیں متاثر ہوں گی۔مسٹر سدارمیا نے کہا کہ کانگریس کسی بھی طرح مسٹر شیٹار کی توہین نہیں کرے گی۔

 

Related Articles