راہل کو ریلی میں اپنے وعدے پورے کرنے کا اعلان کرنا چاہئے: پونیا
جے پور، دسمبر۔ راجستھان میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر ڈاکٹر ستیش پونیا نے مہنگائی ہٹانے کے لیے ریلی نکالنے والی کانگریس پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے لیڈر راہل گاندھی کوکسانوں کے ساتھ کیا گیا قرض معاف کرنے کا وعدہ پورا کرنے کا اعلان آج کی ریلی میں کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر پونیا نے آج یہاں میڈیا کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ مسٹر راہل گاندھی کا وہ ویڈیو جس میں انہوں نے 2018 کے راجستھان اسمبلی انتخابات کی ریلیوں میں کہا تھا کہ جب کانگریس کی حکومت بنے گی تو میں دس تک گنوں گا اورراجستھان کے کسانوں کاپورا قرض معاف کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مسٹر راہل گاندھی سے مطالبہ کیا کہ وہ آج کی ریلی میں راجستھان کے تقریباً 60 لاکھ کسانوں کے تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار کروڑ کے قرض معافی کے اپنے وعدے کو پورا کرنے کا اعلان کریں۔ کانگریس کو مہنگائی کا باپ بتاتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ کرپشن، انارکی، ذات پرستی سمیت تمام تمام مسائل کی جڑ کانگریس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسٹر راہل گاندھی راجستھان آئے ہیں تو وہ کم از کم وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کو ڈیزل پر ویٹ اور بجلی کی شرح کم کرنے کی ہدایت دیں تاکہ ریاست کے عوام کو مہنگائی سے نجات مل سکے۔ ڈاکٹر پونیا نے کہاکہکانگریس سیاسی منافقت کر کے مہنگائی ہٹاؤ ریلی کر رہی ہے۔لیکن مجھے لگتا ہے کہ راجستھان کے عوام نے 2023 میں کانگریس کو ہٹانے کا ارادہ پہلے ہی کرلیا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ راجستھان میں مسائل کی جڑ اور اگر کورونا سے زیادہ خطرناک کوئی جراثیم ہے تو وہ کانگریس پارٹی ہے۔ مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے کہا کہ ان کے کسانوں کے قرض معافی کے وعدے کو تین سال گزر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر گاندھی نے کسانوں کے قرض معافی کے لیے دس تک گنا تھا، لیکن یہاں کسان دن، مہینے اور اب سال گن رہے ہیں۔ مسٹشیخاوت نے کہا کہ کانگریس پر قرض معافی کا قرض ہے۔راہل جی،کچھ تو چکا کر جائیے گا۔