دھن تیرس کے موقع پر بازار میں رونق

پٹنہ،اکتوبر۔ بہار کی راجدھانی پٹنہ سمیت پوری ریاست میں دھن تیرس کے موقع پر بازاروں میں کافی رونق دیکھنے کو مل رہی ہے۔ پنچانگ کے مطابق، ہر سال کارتک کرشنا پاکشاکی تریوداشی کو دھنونتری تریداشی منائی جاتی ہے، جسے ’دھن تیرس‘ کہا جاتا ہے۔ یہ بنیادی طور پر دھن ونتری کی سالگرہ کا تہوار ہے اور آیوروید کے بانی دھن ونتری کی یوم پیدائش کے طور پر منایا جاتا ہے۔ دھن تیرس دولت، خوشحالی اور خوشی کی علامت ہے۔دھن تیرس کے موقع پر بازار میں لوگوں کی کافی چہل پہل دیکھی جا رہی ہے۔ سب سے زیادہ بھیڑ زیورات، الیکٹرانکس اورگاڑیوں کی دکانوں میں دیکھی جا رہی ہے۔دھن تیرس کے دن نئے برتن یا سونا چاندی خریدنے کی روایت ہے۔ دھن تیرس پر برتن خریدنے کی شروعات کب اور کیسے ہوئی ، اس کا کوئی ثبوت نہیں ہے لیکن ایسا مانا جاتا ہے کہ پیدایش کے وقت دھن ونتری کے ہاتھوں میں امرت کلش تھااور یہی وجہ ہے کہ اس دن برتن خریدنا اچھا مانتے ہیں۔ راجدھانی پٹنہ میں برتن کی دکانیں سجنے لگی ہیں۔ پٹنہ سمیت ریاست کے تمام ضلعوں میں دیوالی اور دھن تیرس پر پٹاخے، مٹھائی، برتن اور سرافہ بازار میں رونق بڑھ گئی ہے۔خریدار تہوار میں خریداری کرنے لگے ہیں۔ لوگ دیگر پوجا کے سامان کے ساتھ گنیش اور لکشمی کی مورتیاں خریدنے صبح سے بازار میں پہنچنے لگے ہیں۔ الیکٹرانکس، جویلری،برتن، آٹوموبائل، فرنیچر، سجاوٹ اور کپڑے کی دکانیں صارفین سے گلزار ہو گئی ہیں۔ دھن تیرس پر مختلف کمپنیوں سے لے کر شو روم اور چھوٹے بڑے سبھی جگہوں پر کئی طرح کے آفر بھی دئے جاتے ہیں۔

Related Articles