حالیہ ہلاکتیں کشمیر کے روایتی بھائی چارے پر حملہ: دلباغ سنگھ

سری نگر، اکتوبر۔جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ وادی کشمیر میں عام شہری بالخصوص اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی حالیہ ہلاکتیں یہاں کے روایتی بھائی چارے پر حملہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس اور دیگر سکیورٹی ایجنسیاں ملوثین کو مل کر منہ توڑ جواب دیں گی۔دلباغ سنگھ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں آرمڈ پولیس کمپلیکس زیون میں پولیس یادگاری دن کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے اپنے خطاب کے دوران کیا ہے۔انہوں نے کہا: حال کے دنوں میں بے گناہ لوگ مارے گئے۔ یہ دہشت اور حیوانیت کا ثبوت ہے۔ یہ سب سرحد پار سے آنے والی ہدایات پر کیا جاتا ہے۔ یہ یہاں کے آپسی بھائی چارے پر حملہ ہے۔ امن اور خوشی کی طرف بڑھتے ہوئے قدموں پر حملہ ہے۔ لوگوں کی روز مرہ زندگی پر بھی حملہ ہے ۔انہوں نے کہا: یہ ہلاکتیں یہاں کے لوگوں کو آگے نہ بڑھنے دینے کی سازش ہے۔ جموں و کشمیر پولیس اور دیگر سکیورٹی ایجنسیاں مل کر منہ توڑ جواب دیں گی۔ بلکہ عوام کی طرف سے ان کو ٹھیک طریقے سے جواب ملے گا پولیس سربراہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پولیس کی امن کی بحالی کے لئے اور دشمن سے چھیڑی ہوئی جنگ زائد از 30 برسوں سے جاری ہے۔انہوں نے کہا: اس کے چلتے نہ صرف ہزاروں کی تعداد میں جموں و کشمیر پولیس کے جوان اور افسر شہید ہوئے بلکہ دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے اہلکاروں نے بھی اپنی قیمتی جانیں نچھاور کیں۔ ہم ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا: وہ عام شہری جو پار سے آنے والی بندوق کا نشانہ بنے ہم ان کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں کیوں کہ اس جنگ میں وہ بھی ہمارے ساتھ تھے دلباغ سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس وادی کشمیر میں امن کی بحالی کی جنگ کو منطقی انجام تک لے جائے گی۔ان کا کہنا تھا: میں یہ عہد کرنا چاہتا ہوں کہ امن کی بحالی اور یہاں کے لوگوں کی سلامتی کی جنگ کو فتح کے مرحلے تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش جاری رہے گی۔ ہم شدت سے کام کرتے رہیں گے ۔

Related Articles