جی ایس ٹی کی شرح میں اضافہ کے التوا کا فیصلہ عارضی تو نہیں: کمل ناتھ
بھوپال، دسمبر۔ مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی اور کانگریس کی ریاستی اکائی کے صدر کمل ناتھ نے کپڑوں پر گڈز اینڈ سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) کو پانچ فیصد سے بڑھا کر 12 فیصد کرنے کے فیصلے کو ملتوی کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آیا یہ فیصلہ پانچ ریاستوں کے انتخابات کے پیش نظر عارضی طور پر لیا گیا ہے۔مسٹر کمل ناتھ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کپڑوں پر جی ایس ٹی کی شرح 5 فیصد سے بڑھا کر 12 فیصد کرنے کے فیصلے کو فی الوقت موخر کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ کپڑے کے تاجر اس فیصلے کی شدید مخالفت کر رہے تھے۔انہوں نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کے پیش نظر یہ فیصلہ عارضی طور پر نہیں لیا جانا چاہیے تھا۔