جو خاندان نہیں چلا سکتے وہ ریاست چلانے کا خواب دیکھ رہے ہیں: سواتنتر دیو

لکھنؤ، نومبر۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر سواتنتر دیو سنگھ نے سماج وادی پارٹی (ایس پی) کی پچھلی حکومت میں دہشت اور خوف کے راج اور موجودہ یوگی حکومت میں گڈ گورننس کی دلیل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں ’سیفئی خاندان‘ کی حکومت دیکھ چکے عوام اپنے خاندان کو سنبھالنے میں ناکام رہنے والے ایس پی سپریمو اکھیلیش یادو کے پھر سے اقتدار میں آنے کے خواب کو پورا نہیں ہونے دیں گے۔ جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں مسٹر سنگھ نے گذشتہ اکھلیش حکومت اور موجودہ یوگی حکومت کے کام کا موازنہ کیا اور کہا کہ اس وقت اور اب کے درمیان فرق صاف نظر آرہا ہے۔ پہلے ریاست میں خوف، بدعنوانی اور دہشت کا راج تھا، جس کا مقصد صرف سیفئی خاندان کے لیے بے تحاشا دولت جمع کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سے باہر ہوتے ہی ریاست کے لوگوں نے دیکھا کہ اکھلیش تو اپنا خاندان چلانے کے اہل نہیں ہیں اور ریاست چلانے کا خواب پھر دیکھنے لگے۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ یوگی حکومت کے دور میں نہ صرف جرائم پیشہ عناصر کا صفایا ہوا ہے بلکہ ریاست کی معیشت کے غیر متوقع طور پر مضبوط ہونے کی وجہ سے عام آدمی کے معیار زندگی میں بھی تیزی سے بہتری آئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں قانون کی حکمرانی کا معاملہ واضح طور پر محسوس کیا جانے لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگی حکومت کے تاریخی کاموں کی وجہ سے ریاست میں اچھی حکمرانی محسوس کرنے والے لوگ پچھلی حکومتوں کے تجربے سے موازنہ کرتے ہوئے ایک بار پھر بی جے پی کی حکومت بنانے کے لیے پرعزم ہو گئے ہیں۔

Related Articles