جنرل راوت کی ہلاکت پر اڑیسہ اسمبلی میں تعزیت
بھونیشور، دسمبر۔ تمل ناڈو کے کنور میں ہیلی کاپٹر حادثہ میں ہلاک چیف آف ڈیفنس (سی ڈی ایس) جنرل بپن لکشمن سنگھ راوت، ان کی اہلیہ اور 11 دیگر فوجی اہلکاروںکی موت پر اڑیسہ اسمبلی میں جمعرات کو تعزیت کا اظہار کیا گیا۔چیف آف ڈیفنس نیل گری ضلع کے ڈیفنس سروس اسٹاف کالج ویلنگٹن میں ایک پروگرام میں شامل ہونے جارہے تھے لیکن فضائیہ کا ہیلی کاپٹر تمل ناڈو کے کنور میں حادثہ کا شکار ہوگیا۔اسمبلی میں وزیر اعلیٰ نوین پٹائک، حزب اختلاف کے لیڈر موہن مانجھی،اسمبلی میں کانگریس کے پارٹی لیڈر نرسنہا مشرا اور مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی کے لیڈر لکشمن منڈا نے ملک کے پہلے سی ڈی ایس جنرل راوت، ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت اور دیگر کی ہلاکت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔اسمبلی کے ارکان نے ان ہلاکتوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ متاثرہ خاندان کے تئیں اپنی تعزیت پیش کی اور ہلاک شدگان کی آتما کی شانتی کے لیے پرارتھنا کی۔وزیر اعلیٰ نے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی ہلاکت پر گہرے رنج کا اظہار کیا اور کہا کہ چیف آف ڈیفنس کے ہلاکت سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ انہیں ملک کی گراں خدمات کے لیے ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔انہوں نے اسمبلی اسپیکر سے ایوان میںپاس تعزیتی احساسات سے متاثرہ خاندان کو آگاہ کرانے کی گزارش کی۔ بعد میں مہلوکین کی آتما کی شانتی کے لیے ایوان میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔اس کے بعد مہلوکین کے احترام میں اسمبلی اسپیکٹر ایس ایس پاتر نے ایوان کی کارروائی چار بجے تک کے لیے ملتوی کردی۔