جنرل آفیسر کمانڈنگ نے ایل او سی کا دورہ کیا
جموں،اگست۔فوج کے سولہ کارپس کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل منجندر سنگھ نے منگل کے روز لائن آف کنٹرول کے اگلے علاقوں کا دورہ کرکے کٹھن ترین موسمی حالات میں فوجی جوانوں کی بے لوث خدمات اور حوصلے کی سراہنا کی۔ سرحد پر تعینات اہلکاروں سے بات چیت کے دوران فوجی کمانڈر نے کہاکہ سخت ترین موسمی صورتحال اور دیگر چیلنجوں کے باوجود فوجی جوان اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فوج کی کاوشوں کے نتیجے میں ہی لائن آف کنٹرول پر اس وقت امن و امان قائم ہے۔ فوجی کمانڈر نے سرحد پر تعینات جوانوں کو بتایاکہ امن دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سرحد پر مزید چوکسی برتنے کی ضرورت ہے۔ ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل نے پونچھ میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر تعینات افواج کو چوبیس گھنٹے مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے ۔ اس موقع پر فوجی کمانڈر کو بتایا گیا کہ ملی ٹینٹوں کے عزائم کو ناکام بنانے کی خاطر سرحدوں پر فوج کی چوکسی بڑھائی گئی ہے۔ ’فوجی کمانڈر کوموجودہ صورتحال اور لائن آف کنٹرول پر در اندازی کے خلاف جاری آپریشنز کے متعلق بھی جانکاری فراہم کی گئی‘۔