جموں وکشمیر کے لوگ بھارت جوڑو یاترا کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں: کے سی وینو گوپال

سری نگر،دسمبر۔ سینئر کانگریس لیڈر کے سی وینو گوپال کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے لئے مثالی تیاریاں کی گئی ہیں اور اس یاترا میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی، محمد یوسف تاریگامی جیسے قد آور لیڈر شرکت کرنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں یہ ایک بہت ہی بڑا پروگرام ہوگا اور یہاں کے لوگ اس یاترا کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’ہم بھارت جوڑو یاترا کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے جموں وکشمیر آئے ہوئے ہیں کل ہم نے جموں میں لوگوں سے بات کی اور آج یہاں لوگوں کے ساتھ بات کی‘۔ان کا کہنا تھا: ’ہم خوش ہیں کہ جموں وکشمیر میں اس یاترا کے لئے مثالی تیاریاں کی گئی ہیں یہاں یہ ایک بہت ہی بڑا پروگرام ہونے والا ہے اور جموں وکشمیر کے لوگ بھی اس یاترا کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں‘۔مسٹر وینو گوپال نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگ اس یاترا کا اسی طرح والہانہ استقبال کریں گے جس طرح ملک کی باقی ریاستوں کے لوگوں نے کیا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کو جموں وکشمیر کے ساتھ الگ ہی دلچسپی اور لگاؤ ہے اور ملک بھر کی نظریں یہاں ہونے والی یاترا کی پر ہیں۔کانگریس کے سینئر لیڈر نے کہا کہ یہ ایک قومی پد یاترا ہے جو سال رواں کے7 ستمبر کو کنیا کماری سے شروع ہوئی اور یہاں کشمیر میں اختتام کو پہنچے گی۔انہوں نے کہا: ’میں خوش ہوں کہ اس یاترا میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی، محمد یوسف تاریگامی جیسے بڑے لیڈر شرکت کرنے کے لئے تیار ہیں جموں وکشمیر کے تمام ہم خیال لیڈر اس یاترا میں شمولیت کریں گے‘۔ان کا کہنا تھا کہ اس یاترا کے اثرات بڑھ رہے ہیں اس میں روز بروز شرکت کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ درج ہو رہا ہے۔کورونا صورتحال کے بارے میں پوچھے جانے پر موصوف لیڈر نے کہا: ’ہم بھی ملک کے لوگوں کے صحت اور کورونا صورتحال کے متعلق متفکر ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ ہم نے گذشتہ روز لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بھی ملاقات کی اور انہوں نے اس یاترا کو بھر پور تعاون دینے کا وعدہ کیا۔

Related Articles