جئے پال ریڈی کی خدمات ناقابل فراموش:وینکیا نائیڈو
حیدرآباد۔ اکتوبر۔سابق نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ سابق مرکزی وزیر جئے پال ریڈی کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر کے جے پرکاش نارائنا انجینئرنگ کالج میں جئے پال ریڈی کے مجسمہ کی نقاب کشائی میں حصہ لیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وینکیانائیڈو نے جئے پال ریڈی کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے جئے پال ریڈی کو ایک سرکردہ شخصیت سے تعبیر کیا اور نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ جئے پال ریڈی کی خدمات کو ایک تحریک اور جذبہ کے طورپر اپنی زندگیوں میں شامل کریں۔اس تقریب میں وزراء نرنجن ریڈی اور سرینواس گوڑ نے بھی شرکت کی۔ وزراء نے اس موقع پر تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دلائے جانے کے سلسلہ میں جئے پال ریڈی کی مساعی کی ستائش کی۔