تلنگانہ کے شعبہ زراعت کی انقلابی ترقی کی ملک بھر کی کسان برداری میں توسیع کی ضرورت:وزیراعلی
حیدرآباد،جنوری۔تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے ریاست کے عوام کو بھوگی اور سنکرانتی کی مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے اپنے مبارکبادی کے پیام میں کہاکہ جذبہ اور لگن جس کے ذریعہ انقلابی ترقی ریاست کے شعبہ زراعت میں حاصل کی گئی ہے، کو ملک بھر کی کسان برادری تک توسیع دینے کی ضرورت ہے تاکہ زراعت کو منافع بخش بنایاجائے اس سے ہی ملک میں حقیقی تبدیلی ہوگی اور ملک کی ترقی کی راہ ہموار ہوسکے گی۔انہوں نے کہاکہ سنکرانتی تہوار کسانوں کی جانب سے بڑے پیمانہ پرمنایاجاتا ہے۔یہ تہوار فصل کے تیار ہونے کی خوشی میں منایاجاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے زراعت کے شعبہ کے تعاون کے لئے کئے گئے اقدامات اور بنجرزمین کو سرسبز وشاداب بنانے کی مساعی کے نتیجہ میں ہر جگہ سرسبزی وشادابی نظرآرہی ہے، مویشیوں کی تعداد میں بھی قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ سنکرانتی تہوار کا ماحول ریاست بھر میں نظرآرہا ہے۔زراعت کے شعبہ میں تلنگانہ کی ترقی، پورے ملک کیلئے رول ماڈل ہے۔تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے جس نے کسان طبقہ کی بہبود کواولین ترجیح دی ہے اورزراعت کے شعبہ کی ترقی کے لئے کروڑہاروپئے صرف کئے جارہے ہیں۔تلنگانہ نے رعیتوبندھو، رعیتوبیمہ، زرعی مقصد کے لئے 24گھنٹے مفت بجلی کی فراہمی اورآبپاشی کے پراجکٹس کی تعمیر کے لئے تاحال 2,16,000 کروڑروپئے صرف کئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ کسانوں کی بہبود اور ترقی کے تئیں حکومت کی لگن کو ظاہر کرتے ہیں۔زراعت کے شعبہ میں مختلف پروگراموں پر موثر عمل کے سبب زراعت کا علاقہ جو تلنگانہ کی تشکیل سے پہلے 1.31کروڑایکڑ تھا بڑھ کر اب 2.04کروڑایکڑ ہوگیا ہے۔زراعت جو ماضی میں ناکارہ شعبہ سمجھاجاتا تھا کو اب منافع بخش سرگرمیوں اورکسانوں کے تہوار میں تبدیل کردیاگیا ہے۔کسان زراعت کے تعلق سے کافی پُراعتمادنظرآتے ہیں اور فخر کے ساتھ کاشت کاری کررہے ہیں۔اسی طرح کابھروسہ ملک بھر کے کسانوں میں ہونا چاہئے۔عوام کے تعاون اور تال میل کی مساعی کے ذریعہ ملک کے زراعت کے شعبہ کو بھی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ معیاری تبدیلی لانے کے اقدامات کئے جاسکیں۔