بی جے پی کا مقابلہ صرف ترنمول کانگریس ہی کرسکتی ہے: ابھیشیک

اگرتلہ، جون۔تریپورہ میں چار قانون ساز اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات میں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے حق میں مہم چلانے آئے آل انڈیا ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری ابھشیک بنرجی نے لوگوں سے ان کی پارٹی کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ ان کی پارٹی ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے محاذ لے سکتی ہے۔پیر کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹی ایم سی کے قومی جنرل سکریٹری نے ووٹروں سے ٹی ایم سی کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ان ضمنی انتخابات میں چاروں سیٹوں پر بی جے پی مخالف تمام لوگ ٹی ایم سی کے حق میں ووٹ کریں کیونکہ مغربی بنگال ہو یا تریپورہ، یہ ثابت ہو گیا ہے کہ صرف ٹی ایم سی ہی بی جے پی کا سامنا کر سکتی ہے۔مسٹر بنرجی نے دعویٰ کیا کہ تریپورہ کے لوگوں نے گزشتہ پچاس برسوں میں سی پی آئی (ایم)، بی جے پی اور کانگریس سبھی کو موقع دیا ہے لیکن ٹی ایم سی کو ایک بار بھی اقتدار میں آنے کا موقع نہیں دیا گیا ہے۔ عام طورپر لوگوں کو پانچ سال میں صرف ایک بارہی ووٹ ڈالنے کا موقع ملتا ہے لیکن ان چار اسمبلیوں میں لوگوں کو 51 ماہ بعد ہی دوسری بار ووٹ ڈالنے کا موقع ملا ہے۔ ٹی ایم سی امیدوار کو بھاری ووٹوں سے کامیاب بنائیں اگر اقتدار میں آنے کے بعد آپ ٹی ایم سی لیڈر کے کام کاج سے مطمئن نہ ہوں تو نو ماہ بعد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں انہیں دوبارہ اقتدار سے بے دخل کردیں۔بی جے پی کے لوگ پولیس کے سامنے اپوزیشن پارٹیوں کے امیدواروں کو ہراساں کررہے ہیں اور الیکشن کمیشن کوئی کارروائی نہیں کر رہا، یہ انتظامیہ کی بے عملی کو ظاہر کرتا ہے۔ بی جے پی کے غنڈے ٹی ایم سی لیڈروں پر لگاتار حملے کر رہے ہیں اور جن لوگوں پر حملہ ہو رہا ہے ان میں میں خود بھی شامل ہوں۔ اسپتالوں میں ڈاکٹروں پر حملے ہو رہے ہیں، پولس کہیں اندھیرے میں چھپ کر بیٹھ گئی ہے، بی جے پی کی بدانتظامی پر انگلیاں اٹھانے والے صحافیوں پر حملے ہو رہے ہیں اور عام آدمی کا ہر روزاستحصال ہو رہا ہے۔ یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ اس سب کے باوجود بھی سی پی آئی (ایم) اور کانگریس جیسی بڑی پارٹیاں خاموش بیٹھی ہوئی ہیں۔ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ بی جے پی کو ریاست سے باہر کرنے کی ہمت صرف ٹی ایم سی میں ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ تریپورہ کی بی جے پی-آئی پی ایف ٹی مخلوط حکومت مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ اقتدار میں آنے سے پہلے وہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ گزشتہ میونسپل انتخابات میں بی جے پی نے مقامی انتظامیہ اور پولس کے زور پر ووٹ حاصل کیے تھے لیکن اگر اس بار اس نے ایسا کرنے کی کوشش کی تو ٹی ایم سی اس کی سخت مخالفت کرے گی۔

Related Articles