بہار میں اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت میں مظاہرین نے آٹھ ٹرینوں میں لگائی آگ

پٹنہ ،جون ۔ فوج میں چار سال کی مختصر مدت کے لئے ٹھیکہ پر بحالی کی ” اگنی پتھ “ اسکیم کی مخالفت میں بہار کے 22 اضلاع میں طلباء۔ نوجوانوں کا ہنگامہ، توڑ پھوڑ بے بس اور لاچار انتظامیہ کے سامنے مسلسل تیسرے دن بھی جاری ہے اور اس دوران ریلوے کو اہم طور پر نشانہ بناتے ہوئے مظاہرین نے آٹھ ٹرینوں میں آگ لگادی ہے ۔پولیس ذرائع نے یہاں بتایاکہ اگنی پتھ اسکیم کے خلاف فوج میں بھرتی کے امیدوار اور مختلف طلباءتنظیموں سے منسلک نوجوان جمعہ کو صبح سے ہی سڑک اور ریل پٹریوں پر پرتشدد مظاہرے کر رہے ہیں۔مظاہرین نے سمستی پور اور لکھی سرائے میں دو۔ دو اور پٹنہ ، بھوجپور ، ویشالی اور سپول میں ایک۔ ایک ٹرین کے کئی ڈبوں میں آگ لگا دی ہے ۔ وہیں ، بکسر اور نالندہ ضلع میں مظاہرین نے ریلوے پٹریوں پر بھی آگ زنی کر کے آمدورفت کو متاثر کر دیاہے ۔ایسٹ سینٹرل ریل ( ای سی آر ) کے مطابق مظاہرین نے سپول ، پٹنہ کے داناپور ، بھوجپور کے کلہڑیا اور ویشالی کے حاجی میں سواری ریل گاڑی میں آگ لگا دی ۔ مظاہرین نے اسٹیشن احاطہ میں بھی جم کر توڑ پھوڑ کی اور وہاں کھڑی گاڑیوں ، فرنیچر اور دکانوں کو تباہ کر دیا ۔ای سی آر کے چیف عوامی رابطہ افسر ویریندر کمار نے بتایاکہ مظاہرے کی وجہ سے 100 سے زائد ریل گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ حفاظتی نقطہ ¿ نظر سے مختلف اسٹیشنوں پر 124 ٹرینوں کو کنٹرول کیا گیا ہے اور آر پی ایف ، جی آر پی اور مقامی انتظامیہ کی مدد سے مسافروں کو سیکوریٹی مہیا کرائی جارہی ہے ۔اس کے ساتھ ہی مسافروں کو پانی اور کھانا دستیاب کرایاجارہاہے ۔مظاہرے کی وجہ سے ریلوے نے احتیاط کے طور پر 45ٹرینوں کی آمدورفت رد کر دی ہے جبکہ 17 ریل گاڑیوں کے روٹ کو تبدیل کر کے چلایاجارہاہے ۔ ساتھ ہی نو ٹرینوں کے وقت میں تبدیلی کی گئی ہے ۔مسٹر کمار نے بتایاکہ جمعہ کو متاثرہ ٹرینوں کے ٹکٹ کینسل کرانے پر کوئی کنسلیشن چارج نہیں لیاجائے گا۔ اس کے لئے اضافی ٹکٹ کاؤنٹر کھولنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ریل مسافروں کی مدد کیلئے مختلف اسٹیشنوں پر ہیلپ لائن جاری کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ مسافروں کی سہولت کے لئے طویل مسافت کی ریل گاڑیاں دوبارہ مقرر ہ وقت پر چلائی جارہی ہیں۔اس کے ساتھ ہی حالات معمول پر آنے پر اسپیشل ٹرینوں کی آمدورفت کا بھی منصوبہ ہے ۔دریں اثنا پولیس ذرائع نے بتایاکہ اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت کر رہے مشتعل نوجوانون نے بیتیا میں نائب وزیراعلیٰ رینو دیو اور بہار بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے ریاستی صدر سنجے جیسوال کی رہائش پر پتھراؤ کیا ۔ بعد میں پولیس نے بھیڑ کو کھدیڑ دیا۔ اسی طرح مشتعل مظاہرین نے بی جے پی رکن اسمبلی ونے بہاری کی گاڑی پر بھی حملہ کر دیا ہے ۔ وہیں ، مشتعل بھیڑ نے مدھے پورا اور سہسرام میں بی جے پی دفتر میں آگ لگا دی ہے ۔ سہسرام میں ہی مشتعل مظاہرین نے پہلے ٹول پلازہ میں توڑ پھوڑ کی اور بعد میں آگ لگا دی ۔ یہاں مشتعل بھیڑ کو قابو کرنے کیلئے پولیس کو ہوا میں گولیاں چلانی پڑی ، حالانکہ اس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔

Related Articles