باہمی تعاون کا جذبہ جی20 کی کامیابی کی بنیاد ہے: لوک سبھا اسپیکر

کیمپ جکارتہ، اکتوبر(یواین آئی)انڈونیشیا میں جی20پارلیمانی اسپیکروں کی آٹھویں چوٹی کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ 6اکتوبر، 2022کو شروع ہونے والی اس کانفرنس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ باہمی تعاون جی20کی بنیاد ہے۔گزشتہ75 برسوں میں ہندوستانی جمہوریت کے درخشاں سفر کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ رائے عوامہ کے مطابق پرامن طریقے پر اقتدار کی منتقلی ہندوستانی جمہوریت کی سب بڑی خوبی اور خصوصیت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارلیمنٹ ملک کے شہریوں کے مفادات کا تحفظ کرتی ہے اور قوانین اور پالیسیاں بنانے میں رہنمائی کرتی ہے۔اکیسویں صدی میں دنیا کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ ہم سب کو اپنے اپنے ملکوں اور دنیا میں مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں، بہترین طورطریقوں اور مسلسل مذاکرات پر زور دینا چاہیے۔اس بات چیت اور آپس میں مشترکہ کوششوں کے ذریعہ پارلیمنٹ کی اپنی خودمختاری کے مطابق اختراع اور چیلنجوں سے نمٹنے نیزاس کے حل میں رہنمائی کرنی چاہیے۔مسٹر برلا نے اعادہ کہ ہندوستان کا خیال ہے کہ عالمی خوشحالی، اقتصادی مواقع اور چیلنج ایک دوسرے سے جڑے ہوئے موضوع ہیں۔ جی20 کے رکن ممالک کے پارلیمان کو مشترکہ نقطہ نظر اور ان کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے گورننس میں پارلیمانی اور کمیونٹی کی شرکت کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے کے لیے اجتماعی کردار ادا کرنا چاہیے۔ہندوستان کوآئندہ سال G20 کی نویں چوٹی کانفرنس میں مدعو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان اگلے سال P-20 ممالک کے تمام نمائندوں کے استقبال کا منتظر ہے۔بعد ازاں مسٹر برلا کو جکارتہ میں ہندوستانی برادری نے مبارکباد دی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ انڈونیشیا میں ہندوستانی برادری اپنی محنت، اختراع اور اختراعی سوچ کے ساتھ انڈونیشیا کی اقتصادی ترقی میں اہم حصہ اداکر رہی ہے۔ انہوں نے انڈونیشیا میں ہندوستانی برادری پر زور دیا کہ وہ ہندوستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی کوششیں کریں، انڈونیشیائی کمپنیوں، انڈونیشیائی شہریوں کو ہندوستان کی ابھرتی ہوئی صلاحیتوں سے آگاہ کریں۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ اپنے میدان عمل کے ساتھ ساتھ اپنی آبائی سرزمین کی خوشحالی کے لیے بھی کام کریں۔ انہوں نے جی 20 چوٹی کانفرنس کو کامیاب بنانے پر انڈونیشیا کو مبارکباد دی۔

Related Articles