آگرہ نگر نگم میں نہیں پیش کی جاسکی تاج محل کا نام تبدیل کرنے کی تجویز

آگرہ:اگست۔اترپردیش کے ضلع آگرہ میں واقع تاج محل کا نام تبدیل کر کے تاجو مہالئے کرنے کی تجویز بدھ کو نگر نگم کی خصوصی میٹنگ میں پیش نہیں ہوسکی۔ بھاری ہنگامے کے درمیان میئر نوین جین نے ایوان کو غیر معینہ ایام کے لئے ملتوی کردیا۔دوپہر تین بجے کے بعد شروع ہوئی نگر نگم کی اس خصوصی میٹنگ میں تاج محل کا نام تبدیل کرنے سے متعلق تجویز پیش ہونے سے پہلے ہی ایوان میں بھاری ہنگامہ ہوا۔ بی جے پی اور بی ایس پی کے کاونسلر کے درمیان زبانی جنگ شروع ہوگئی تو کانگریس کے ایک کاونسلر اسمبلی میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے دستاویزات لے کر پہنچ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاج محل کا نام تبدیل کرنے کی تجویز پر عدالتیں سابق میں عرضی گذاروں کو پھٹکار لگا چکی ہیں۔ اس لئے اس مسئلے پر نگر نگم کو غور نہیں کرنا چاہئے۔ کافی دیر تک کاونسلروں کے درمیان نعرے بازی ہوتی رہی۔ بھاری ہنگامے میں کچھ بھی سنائی دینا مشکل ہورہا تھا۔ ایوان میں بی جے پی ایم ایل اے ڈاکٹر جی ایس دھرمیش بھی موجود رہے۔ میئر نوین جین اورسٹی کمشنر نکھل ٹیکا رام پھنڈے لگاتار کاونسلروں کو سمجھانے کی کوشش کرتے رہے لیکن حالات کو کنٹرول نہ ہوتا دیکھ میئر نے ایوان کی کاروائی کو غیر معینہ ایام کے لئے ملتوی کردیا۔

Related Articles