ہوٹل میں رہائش پزیر مسافر منفی ٹیسٹ آنے پر کورنٹین ختم کرسکتے ہیں ،محکمہ صحت
راچڈیل،دسمبر۔عالمی وبا کورونا وائرس اور نئے انفیکشن اومی کرون کے پھیلائو کے سبب ہوٹلوں میں اپنے خرچ پر قرنطین کرنے والے مسافروں کیلئے کوویڈ کا منفی ٹیسٹ حاصل کرنے پر آئسولیشن سے آزادی کی نوید سنا دی گئی۔انگلینڈ کے مختلف مقامات پرہوٹلوں میں قرنطین اختیار کرنیوالے مسافروں کے بارے میں سیکرٹری صحت ساجد جاوید نے تصدیق کی ہے کہ مسافروں کو منفی ٹیسٹ لینے پر انکی رقم بھی واپس کر دی جائے گئی جو انہوں نے استعمال نہیں کی ‘ حکومت برطانیہ نے بدھ کے روز گیارہ ممالک کو اپنی ٹریول ریڈ لسٹ سے ہٹا دیا تھا، ہوٹلوں میں قیام کرنیوالے مسافروں کو بتایا گیاہے کہ وہ کوویڈ کا منفی ٹیسٹ آنے پر تنہائی میں رہنے سے نجات پا سکتے ہیں، نومبر کے اختتام سے مختلف ممالک سے آنیوالے مسافرں کے لیے برطانیہ پہنچنے پر منظور شدہ ہوٹل میں اپنی جیب سے بکنگ اور ادائیگی کر کے 10دنوں کے لیے الگ تھلگ رہنے کا پابند کیا گیا تھا ،محکمہ صحت کی طرف سے لکھے گئے ایک خط کے مطابق ہوٹل کے مہمانوں کو منزل کے لحاظ سے رخصت ہونے کے لیے ٹائم سلاٹ مختص کیے جائیں گے، مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اس وقت تک قیام کریں جب تک کہ باضابطہ طور پر یہ نہ کہا جائے کہ وہ چھوڑ سکتے ہیں، مہمانوں سے ٹیسٹ اور ٹریس کے لیے ان کی اگلی منزلوں کی تفصیلات طلب کی جائیں گی، مقامی ویکسی نیشن سنٹر کے باہر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری صحت ساجد جاوید نے کہا کہ ایسے تمام مسافر جو ہوٹلوں میں قرنطینہ میں رہ رہے ہیں اور انکا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا، انہیں آج سے ہوٹلوں سے نکلتا دیکھنے کا متمنی ہوں اور انہیں ہوٹل کے قیام کیلئے جمع کرائی گئی رقم میں سے نہ استعمال ہونیوالی رقم ریفنڈ کر دی جائے گی تاہم جس مسافر کا ٹیسٹ مثبت آتا ہے اسے قرنطینہ مکمل کرنا ہوگا۔ ایسے مسافر جنہوں نے کورونا کی ویکسین حاصل نہیں کی یا ایسے شخص کے رابطے میں رہے ہیں جس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہو توان کے لیے بھی یہی پالیسی لاگو ہوگی، حکومت کی طر ف سے دو یوم قبل مہمانوں کو جلد جانے کی اجازت دینے کا اعلان کیاگیاتھا، بعض مہمان حکومت کی طرف سے تصدیق سے قبل ہی رہائشیں چھو ڑکر گھروں کو لوٹ چکے ہیں، گیٹ وک ہوائی اڈے کے قریب ایک مسافر خاتون نے بتایا کہ اسے ہوٹل کے عملے نے روکنے کی کوشش کی مگر وہ باہر جانے میں کامیاب ہو گئی، اس نے پارکنگ ایریا میں دیکھا کہ وہاں کئی گاڑیوں میں لوگ روانہ ہو رہے تھے، سیکیورٹی گارڈز نے اسے اور اس کے شوہر کو اپنے کمروں میں واپس آنے کو کہا لیکن وہ ایک منی بس میں سوار ہونے میں کامیاب رہے اور اپنے گھر کی طرف روانہ ہو گئے، جوڑے نے لیٹرل فلو ٹیسٹ لیا اور بدھ کی صبح روانگی سے پہلے منفی تجربہ کیا تھا۔