ہندوستان کی خاتون کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کو دلچسپ مقابلے میں دو وکٹوں سے ہرایا

مکائے ، ستمبر- مکائے میں اتوار کے روزہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے تیسرے خواتین ون ڈے میں ہندوستان نے میزبان ٹیم کو دلچسپ مقابلے میں دو وکٹوں سے شکست دی اور اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے آسٹریلیا کی ناقابل تسخیر برتری 26 ون ڈے میچوں میں جیت کے ورلڈ ریکارڈ کے سلسلے کو روک دیا۔ ایک وقت میں آسان جیت کی طرف بڑھنے والی ٹیم انڈیا نے اس میچ میں میزبان ٹیم کو کئی موقع دے دیئے تھے ، لیکن آخری لمحات میں دپتی شرما ، سنیہ رانا اور پھر وننگ شاٹ لگانے والی جھولن گوسوامی نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے ٹیم کو تاریخی جیت دلائی۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا ، ہندوستان کی تیزگیندباز جھولن گوسوامی نے ایک اوور میں دو وکٹیں حاصل کرکے آسٹریلیا کو شروع میں زبردست جھٹکے دیئے تھے ۔ ایک موقع پر آسٹریلیا نے اپنے چار اہم کھلاڑیوں کو 87 رنز پر کھو دیا تھا ، لیکن بیتھ مونی نے شاندار نصف سنچری اننگز کھیل کر ٹیم کو دباؤ سے باہر نکالا۔ حالانکہ اس میں ان کی مدد ہندوستان کی کھلاڑیوں نے بھی کی اور بیتھ مونی دو مرتبہ کیچ آوٹ ہونے سے بچ گئیں۔ مونی کا بہترین ساتھ ایشلے گارڈنر نے دیا جنہوں نے اپنے ون ڈے کیریئر کا بہترین اسکور بنایا۔ ہندوستان نے اس اننگز میں مجموعی طور پر پانچ کیچ ڈراپ کیے ، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میزبان ٹیم نے 50 اوورز میں 264/9 رنز بنائے۔ ہندوستان نے 49.3 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 266 رنز بنا کر شاندار جیت حاصل کی۔ 265 کے تعاقب میں شیفالی ورما اور اسمرتی مندھانا نے زبردست آغاز دیا اور نویں اوور میں ہی ٹیم کا اسکور 50 کے پار پہنچا دیا تھا ۔گیارہویں اوور میں 22 رنز بناکر ماندھانا تو آؤٹ ہوگئی تھیں ، لیکن اس کے بعد نمبر 3 پر بلے بازی کرنے آئی نوجوان یاستیکا بھاٹیا نے شیفالی کا لاجواب ساتھ دیا ۔ دونوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 101 رنز کی شراکت ہوئی ، دونوں نے اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی نصف سنچری بھی بنائی۔ اس شراکت کو سوفی مولینیو نے توڑا اور پھر ہندوستانی اننگز لڑکھڑاگئی ، 160/1 سے ہندوستانی ٹیم 192/5 پر جاپہنچی ۔ کپتان متھالی راج کے کچھ دیر بعد ٹیم انڈیا کو چھٹا جھٹکا لگا اور اسکور 208 رنز تھا۔ یہاں سے ہندوستان کی جیت مشکل دکھائی دینے لگی تھی ، لیکن دپتی شرما اور سنیہا رانا کے درمیان 33 رنز کی شراکت نے میچ میں ہندوستان کو بنائے رکھا۔ دپتی 30 گیندوں پر 31 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئیں اور اب یہ سنیہا رانا پر تھا کہ وہ ٹیم انڈیا کو جیت کی منزل تک لے جائیں۔ اپنی ذمہ داری کو بخوبی انجام دیتے ہوئے ، انہوں نے 48 ویں اوور میں تین گیندوں میں تین چوکے لگا کر ہندوستان کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔ لیکن 30 رنز پر ان کا حیرت انگیز کیچ متبادل کھلاڑی ہیا ڈارلنگٹن نے پکڑا اور ایک بار پھر میچ آسٹریلیا کی طرف جاتا ہوا نظرآنے لگا۔ تجربہ کار جھولن نے آخری لمحات میں صبر سے کام لیا اور ٹیم انڈیا کو تاریخی فتح دلائی۔ جھولن کو میچ کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ملا۔ اس ملٹی فارمیٹ سیریز میں یہ ہندوستان کی پہلی جیت ہے ، ون ڈے کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا گلابی بال ٹیسٹ جمعرات سے کھیلا جائے گا اور اس کے بعد دونوں ٹیمیں تین ٹی 20 بین الاقوامی میچوں میں آمنے سامنے ہوں گی۔ فی الحال ، میزبان ٹیم اس سیریز میں چار۔دو سے آگے ہے ، لیکن جو ٹیم ٹیسٹ میچ جیتے گی اسے چار پوائنٹس ملیں گے ، یعنی جہاں ہندوستان کو برتری حاصل کرنے کا موقع ملے گا ، دوسری طرف میزبان ٹیم سیریز پر ناقابل برتری حاصل کرنا چاہے گی۔

Related Articles