ہمارے کھلاڑی پاکستان آنے کے منتظر ہیں: سابق انگلش کرکٹر
لندن،مئی۔انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر اور یارکشائر کاؤنٹی کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈیرن گف کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کرکٹ کے لیے ایک بہت اچھا وقت ہے اور انگلینڈ کے کھلاڑی پاکستان آنے کے منتظر ہیں۔لاہور قلندرز کی دعوت پر پاکستان آنے والے ڈیرن گف نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم اس وقت تینوں فارمیٹ میں آل راؤنڈ کارکردگی دکھارہی ہے ، نوجوان کھلاڑیوں میں ٹیمپرا منٹ ہے جب کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بیٹر نے غیر معمولی بیٹنگ کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں انگلینڈ کے کئی کھلاڑی کھیلتے ہیں اور ہمارے کھلاڑی پاکستان آنے کے منتظر ہیں ، یہ ایک اچھی سیریز ہو گی۔ڈیرن گف کا کہنا تھا کہ کہ ایک بار پھر ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹرز اچھے دکھائی دے رہے ہیں ، ان میں ایک بابراعظم بھی ہیں ،بابر میں قدرتی ٹیلنٹ ہے ، وہ کامیاب بیٹرز میں شامل ہیں ، وہ اننگز کے آغاز میں وقت لیتے ہیں لیکن گریٹ فنشر ہیں ، بابر اعظم ایک خاص ٹیلنٹ ہیں ، ان کے پاس سب شاٹس ہیں اورکچھ ایسے ہی ہمارے جو روٹ ہیں۔ڈیرن گف نے پاکستانی فاسٹ بولرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہر دور میں اچھے فاسٹ بولرز پیدا کیے ہیں ، آج کل شاہین آفریدی ، حارث رؤف اور حسن علی اچھے فاسٹ بولرز ہیں۔سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ 90 کی دہائی میں وسیم اکرم ، وقار یونس اور عاقب جاوید خطرناک بولرز تھے جو ہمیں جلد آؤٹ کر دیتے تھے، 101 رنز پر ہماری ایک وکٹ گری ہوتی تھی اور پھر ہمیں 160 پر آل آؤٹ کر دیتے تھے۔ڈیرن گف نے مزید کہا کہ میں نے بھی وسیم اور وقار کی طرح باؤنسرز یارکرز اور سوئنگ کی پریکٹس کی ، میں سارا سارا دن ویسی بولنگ کی کوشش کرتا تھا اور پھر میچز میں اسی طرح کرنے کی بھی کوشش کرتا تھا۔سابق کرکٹر ننے کہا کہ میری ہمیشہ پاکستان میں اچھی یادیں رہی ہیں ،2000 میں ہم اندھیرے میں ٹیسٹ میچ جیتے، یہ ہماری ایک بہت اچھی ٹیسٹ ٹیم تھی، میں اس سے اچھی ٹیم کے ساتھ نہیں کھیلا، ہم تیاری کے ساتھ پاکستان آئے تھے اس سے قبل ورلڈکپ 96 کھیلا تب پاکستان میں اچھا نہ کھیل سکے ، سری لنکا نے ہمیں ناک آؤٹ کیا اور پاکستان نے بھی ہمیں ہرایا۔ڈیرن نے پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک شاندار ملک ہے، یہاں سہولیات اچھی ہیں اور میزبانی کمال کی ہے ، مجھے دکھ ہوتا تھا جب پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ نہیں ہو رہی تھی ، ٹیمیں یہاں نہیں آتی تھیں مگر اب ایک بار پھر یہاں کرکٹ ہو رہی ہے۔