ڈاکو اداکارہ النکریتا کو گھر میں یرغمال بنا کر لاکھوں روپے لوٹ کر فرار
ممبئی،ستمبر۔ شہر چنڈی گڑھ میں ڈاکو اداکارہ النکریتا سہائے کو گھر میں یرغمال بنا کر لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔فلم ’نمستے انگلینڈ‘ میں اداکار ارجن کپور اور اداکارہ پرینیتی چوپڑا کے ساتھ کام کرنے والی اداکارہ النکریتا سہائے کے گھر میں دن دہاڑے تین مسلح ڈاکو گھس آئے اور اداکارہ کو یرغمال بناکر گھر کی صفائی کر گئے۔میڈیا کے مطابق النکریتا سہائے کے گھر میں ڈکیتی کی واردات دوپہر 12 بج کر 30 منٹ پر پیش آئی، تین ڈاکو اداکارہ کے گھر کا دروازہ کھلا دیکھ کر اندر گھس آئے۔ ڈاکوؤں نے النکریتا کو یرغمال بنا کر اطمینان سے ڈکیتی کی واردات کی۔النکریتا کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈاکو گھر سے 6 لاکھ 50 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوئے، ڈاکوؤں میں سے ایک شخص وہ تھا جو گزشتہ ہفتے گھر پر فرنیچر کی ڈیلیوری دینے آیا تھا۔پولیس نے گھر کے اطراف میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کر لی ہے جس سے امید ہے کہ ڈاکو جلد پکڑے جائیں گے۔