پاکستانیوں کو لتا منگیشکر سے غیرمعمولی محبت تھی، شبانہ اعظمی

لاہور،فروری۔بھارتی فلم انڈسٹری کی ورسٹائل اداکارہ شبانہ اعظمی کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کو لتامنگیشکر سے غیر معمولی محبت تھی۔شبانہ اعظمی نے ایکسپریس ٹریبیون سے بات کرتے ہوئے برسوں پہلے اپنے دورہ پاکستان کے دوران لتا منگیشکر کے لیے پاکستانیوں کی غیر معمولی محبت اور تعظیم کو یاد کیا۔شبانہ اعظمی نے کہا مجھے یاد ہے بہت سال پہلے جب میں پاکستان کے دورے پر گئی تھی تو لتاجی کے لیے پاکستانیوں کی محبت کا اظہار غیر معمولی تھا۔ مجھے کہا گیا تھا اگر لتا جی پاکستان میں پرفارم کریں تو ہم اپنی تمام طاقت لگاکر بھی لتامنگیشکر کے دیوانے مداحوں کو ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے خود پر قابو پانے سے روک نہیں سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ موسیقی صرف متحد کرسکتی ہے تقسیم نہیں۔ لتا منگیشکر کی آواز کے جادو نے انسان کی بنائی ہوئی تمام رکاوٹوں کو پار کردیا۔ میں اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ میرا تعلق اس دور اور ملک سے ہے جہاں لتا جی رہتی تھیں۔ وہ کسی اور جیسی نہیں تھیں۔واضح رہے کہ سْروں کی ملکہ اور بلبل ہند کہلائے جانے والی برصغیر کی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر6 فروری کو اس دنیا سے رخصت ہوگئیں اور ان کے ساتھ موسیقی کا ایک سنہرا دور بھی ختم ہوگیا۔ پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں ان کے چاہنے والے لتا منگیشکر کی موت پر افسردہ ہیں۔

Related Articles