نائیڈو نے ناوابستہ تحریک کو فعال کرنے کا مطالبہ کیا

نئی دہلی، جون۔ نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے ناوابستہ تحریک (نام) کو فعال اور مضبوط بنانے اور اسے ترقی پذیر دنیا سے متعلق عصری مسائل کے تئیں زیادہ حساس اور جوابدہ بنانے کے لیے موثر کثیرالجہتی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ سینیگال میں مختلف امور پر دو طرفہ بات چیت کے دوران مسٹر نائیڈو نے کہا کہ دہشت گردی کی تمام شکلوں کی مذمت کی جانی چاہیے۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں جامع کنونشن آن انٹرنیشنل ٹیررازم (سی سی آئی ٹی) کو جلد اپنانے کے لیے سینیگال کی حمایت طلب کی اور اسے سرحد پار دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔بات چیت کے دوران نائب صدر نے ایم وی ایسو۔6 جہاز کے عملے کے ممبران، چار ہندوستانی شہریوں سے متعلق سینیگال کی حکومت سے ان کے مقدمے کی سماعت کو تیز کرنے کی اپیل کی تاکہ وہ رہائی کے بعد اپنے متعلقہ خاندانوں تک پہنچ سکیں۔ انہیں مبینہ منشیات اسمگلنگ کے الزام میں جون 2021 سے سینیگال میں حراست میں لیا گیا تھا۔مسٹر نائیڈو گبون، سینیگال اور قطر کے تین ملکوں کے دورے پر ہیں۔ وہ سفر کے دوسرے مرحلے میں سینیگال پہنچ گئے ہیں۔ ان کے ساتھ آنے والے وفد میں ڈاکٹر بھارتی پروین پوار، مرکزی وزیر مملکت برائے صحت خاندانی فلاح و بہبود، ممبران پارلیمنٹ سشیل کمار مودی، وجے پال سنگھ تومر اور پی رابندر ناتھ اور سینئر حکام اور معززین شامل ہیں۔اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں نائب صدر کل سینیگال کے شہر ڈاکار پہنچے۔ ڈاکار ہوائی اڈے پر سینیگال کے وزیر خارجہ ایستا ٹالسال نے ان کا استقبال کیا۔ یہ سینیگال کا پہلا اعلیٰ سطحی ہندوستانی دورہ ہے اور یہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل کر رہے ہیں۔مسٹر نائیڈو نے سینیگال کے صدر میکی سال کے ساتھ وفد کی سطح کی بات چیت کی قیادت کی اور سینیگال کو دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی فریم ورک کے ذریعے سینیگال کی سماجی-اقتصادی ترقی کی حمایت کے لیے ہندوستان کے مسلسل عزم کا یقین دلایا۔

Related Articles