میری ماں اْس جہاں سے مجھے سالگرہ کی مبارکباد دے رہی ہیں: اکشے کمار
ممبئی، ستمبر -گزشتہ روز اپنی والدہ ارونا بھاٹیا کو کھودینے والے بالی ووڈ اداکار اکشے کمار اپنی سالگرہ کے موقع پر والدہ کی یاد میں شدید افسردہ ہوگئے۔اکشے کمار آج 54 برس کے ہوگئے ہیں اور ایک روز قبل والدہ کی موت کی وجہ سے وہ اپنی سالگرہ نہیں منارہے بلکہ غم سے نڈھال اداکار اپنی والدہ کو بیحد یاد کر رہے ہیں۔اس حوالے سے اکشے کمار نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی والدہ کے ہمراہ لی گئی ماضی کی اپنی یادگار تصویر شیئر کی ہے جس میں اْن کی والدہ اْن کے چہرے پر بوسہ دیتی نظر آرہی ہیں۔اکشے کمار نے تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’میری ماں نے اس طرح کبھی پسند نہیں کیا ہوگا لیکن مجھے یقین ہے کہ ماں وہاں سے مجھے سالگرہ کی مبارکباد دے رہی ہیں۔‘اداکار نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کی تعزیت اور نیک خواہشات کا شکریہ۔‘اْنہوں نے مزید لکھا کہ ’زندگی یوں ہی چلتی رہتی ہے۔‘واضح رہے کہ گزشتہ روز بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کی والدہ شدید علالت کے بعد دْنیا سے رخصت ہوگئیں، والدہ کی موت کی خبر اداکار نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں دی تھی۔اکشے کمار کا کہنا تھا کہ ’آج میں اپنے وجود کے بنیادی حصے میں ایک ناقابل برداشت درد محسوس کررہا ہوں‘۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکار اکشے کمار اپنی نئی آنے والی فلم ’سنڈریلا‘ کی شوٹنگ کے لیے لندن میں موجود تھے کہ اچانک اْن کی والدہ کی طبیعت بگڑ گئی تھی جس کی وجہ سے وہ فوراََ شوٹنگ چھوڑ کر لندن سے ممبئی آگئے تھے۔