مکھن لال بندرو غریبوں کی خدمت کے لئے یہیں رہے: ڈاکٹر فاروق عبداللہ
سری نگر،اکتوبر۔نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ مشہور بندرو میڈیکیٹ کے مالک مکھن لال بندرو نے یہیں رہ کر لوگوں کی خدمت کی۔انہوں نے کہا کہ نوے کی دہائی میں بھی وہ نہیں بھاگے بلکہ یہاں رہنا ہی پسند کیا۔بتادیں کہ مکھن لال بندرو کو منگل کی شام نامعلوم اسلحہ برداروں نے اقبال پارک سری نگر میں واقع اپنی دکان کے باہر گولیاں بر سا کر ابدی نیند سلا دیا۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ بدھ کے روز مہلوک کمسٹ کے گھر تعزیت پرسی کے لئے گئے۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا کو بتایا: ’شیطانوں نے اس کو مارا، اس نے لوگوں کی اتنی خدمت کی کہ بیان نہیں کیا جاسکتا‘۔ان کا کہنا تھا: ’وہ یہاں سے نہیں بھاگے بلکہ کہا کہ مجھے یہیں رہ کر غریبوں کی خدمت کرنی ہے‘۔موصوف صدر نے کہا کہ مہلوک مکھن لال غریبوں کو مفت دوائیاں دیتا تھا اور لوگوں کی ہر ممکن طریقے سے مدد کرتا تھا۔