ملک میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کے لیے انٹیگریٹڈ ڈیش بورڈ بنایا جائے گا: انوراگ ٹھاکر
نئی دہلی ، ستمبر۔کھیلوں کے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کے انفرا اسٹرکچر کے لیے ایک انٹیگریٹڈ ڈیش بورڈ بنایا جائے گا ، جس میں ہر ریاست ، ضلع اور بلاک میں کھیلوں کے انفرا اسٹرکچر سے متعلق ڈیٹا دستیاب ہوگا۔ مسٹر ٹھاکر نے منگل کو یہاں ٹوکیو میں ہندوستان کی اولمپک اور پیرالمپک کھیلوں میں بڑی کامیابی کے بعد مستقبل کے اولمپکس ، ایشین گیمز اور کامن ویلتھ گیمز کو مدنظر رکھتے ہوئے ہندوستانی کھلاڑیوں کو تیار کرنے کےلئے روڈ میپ تیار کرنے اور زمینی سطح پر کھیلوں کو فروغ دینے میں ریاستوں کے تعاون پر غور کرنے کے واسطے ورچوئل طور پر منعقد میٹنگ میں ریاستوں کے کھیلوں کے وزراء کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا کہ مستقبل میں کھیل مقابلوں کےلئے ہمارے ایتھلیٹ کو تیار کرنے کی سمت میں سبھی ریاستیں، قومی فیڈریشنوں، تربیتی اداروں ، مرکزی حکومت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ جڑیں گے۔ ورچوئل میٹنگ میں اسپورٹس سکریٹری روی متل بھی موجود تھے۔ اس دوران ، انہوں نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں پر زور دیا کہ وہ کھلاڑیوں کے لیے نقد ایوارڈز کا ایک مشترکہ فنڈ بنانے پر اپنی رائے بھیجیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت دونوں اس فنڈ میں رقم جمع کر سکیں گی، تاکہ تمام ریاستوں کے کھلاڑیوں کو تمغے جیتنے کے بعد یکساں فوائد حاصل ہوں۔ اس کے ساتھ انہوں نے ریاستوں پر زور دیا کہ وہ جسمانی طور پر اہل اور پیرا ایتھلیٹوں کے لیے دیہی اور شہری علاقوں میں کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ زمینی سطح پر صلاحیت کی شناخت میں اہم کردار ادا کریں۔ اسکول کی سطح کے کھیلوں کو فروغ دینا اور اسکول گیمز فیڈریشن آف انڈیا (ایس جی ایف آئی) کو تعاون دینا بحث کا ایک اور اہم موضوع تھا۔ میٹنگ کے بعد مسٹر ٹھاکر نے کہا ’’آج کی بات چیت انتہائی نتیجہ خیز رہی اور ہم پیش رفت کا اندازہ لگانے اور اس کے ساتھ مل کر بہتر انفراسٹرکچر اور زیادہ تعداد میں ٹرینرز اور فزیوتھیراپسٹوں کا انتظام کرنے کے طریقوں کے بارے میں تبادلہ خیال کرنے کے لئے سال میں کم از کم دو بار با ت چیت کرنے پر متفق ہوئے ہیں۔ ہم مختلف زونوں میں علاقائی میٹنگ منعقد کریں گے۔ اس کے علاوہ ہم ایسا ڈیش بورڈ بنانے پر بھی غور کر رہے ہیں جہاں ہر ریاست ، ضلع اور بلاک میں دستیاب کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق ڈیٹا دستیاب ہو گا۔ یہ ڈیش بورڈ کتنے کوچ دستیاب ہیں، انڈور اسٹیڈیم میں کس قسم کے کھیل کھیلے جائیں گے یا آؤٹ ڈور کھیلوں کے بارے میں تمام متعلقہ جانکاریاں دے گا اور یہ سبھی تفصیلات ایک بٹن کے دبانے پر دستیاب ہوں گی۔