عرفان خان اور اہلیہ کی جوانی کی تصاویر وائرل
ممبئی،فروری۔بالی ووڈ آنجہانی اداکار عرفان خان اور اْن کی اہلیہ ستاپا سکدر کی جوانی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔حال ہی میں ستاپا سکدر نے اپنے بیٹے بابیل خان کے ساتھ بھارت کے ’فلم اینڈ ٹیلی وڑن انسٹی ٹیوٹ‘ کا دورہ کیا جہاں اْنہیں اپنے اور شوہر عرفان خان کی جوانی کے دن یاد آگئے۔عرفان خان کی اہلیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بْک پر اپنی اور عرفان خان کی کچھ نایاب تصاویر شیئر کیں جوکہ اْن کی جوانی کے دنوں کی ہیں۔یہ تصاویر اْس وقت کی ہیں کہ جب عرفان خان اور اْن کی اہلیہ بھی ’فلم اینڈ ٹیلی وڑن انسٹی ٹیوٹ‘ جاتے تھے۔ستاپا سکدر نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں اْس شخص کو مینشن کیا جنہوں نے عرفان خان اور اْن کی تصاویر لی تھیں۔اداکار کی اہلیہ نے لکھا کہ ’کاش! میں ایف ٹی آئی آئی میں پْرانے دنوں کی طرح محسوس کر سکتی، میں اْس وقت یہاں آئی ہوں کہ جب گْزرا ہوا وقت لوٹ کر نہیں آسکتا۔‘اْنہوں نے لکھا کہ ’اتنے پیار کے ساتھ میری میزبانی کرنے کا شکریہ اور یہاں کے کھانے میں آج بھی وہی ذائقہ ہے جو 25 سال پہلے تھا۔‘عرفان خان کی اہلیہ نے مزید لکھا کہ ’خدا آپ کو اور آپ کے اہلخانہ کو ہمیشہ خوش رکھے۔‘خیال رہے کہ سال 2020 میں 29 اپریل کو ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے تھے، عرفان خان کے لواحقین میں اہلیہ اور دو بیٹے ایان اور بابیل شامل ہیں۔