شیوا تھاپا عالمی مکہ بازی چیمپئن شپ کے کوارٹرفائنل میں

بلغراد، نومبر۔ عالمی چیمپئن شپ میں کانسہ کا تمغہ جیتنے والے ہندوستان کے شیوا تھاپا نے پیر کے روز یہاں سربیا کے بلغراد، میں جاری 2021 اے آئی بی اے ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ انہیں ملا کر کل پانچ ہندوستانی باکسر اب کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ہیں، جو آج رات اپنے اپنے حریفوں سے ٹکرائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان کے پاس تمغہ یقینی کرنے کے بہت سے مواقع ہیں۔ تجربہ کار باکسر تھاپا نے پیر کے روز 63.5 کلوگرام وزن کے زمرے کے پری کوارٹر فائنل میں اپنے فرانسیسی حریف لوناس ہمراؤئی کو چار۔ایک کے اسپلٹ فیصلے سے شکست دی۔ پانچ بار ایشین چیمپئن شپ میں تمغہ جیتنے والے کا سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے آج شام کوارٹر فائنل میں ترکی کے کریم اوزمین سے مقابلہ ہوگا۔ وہ ایونٹ میں اپنا دوسرا تمغہ حاصل کرنے سے صرف ایک جیت دور ہیں۔ تھاپا کے علاوہ، کوارٹر فائنل میں پہنچنے والے دیگر چار ہندوستانی باکسر وں میں آکاش کمار (54کلوگرام)، نشانت (71کلوگرام )، سنجیت (92کلوگرام) اور نریندر (+92کلوگرام) شامل ہیں جو آج رنگ میں اتریں گے۔ آکاش کا مقابلہ 54 کلوگرام کے کوارٹر فائنل میں وینزویلا کے جوئل فنول سے ہوگا۔ 71 کلوگرام کے زمرے میں نشانت کا مقابلہ روس کے وادیم موسیوف سے ہوگا، جب کہ نریندر کا مقابلہ آذربائیجان کے محمد عبداللہ ائف اور سنجیت کا مقابلہ اٹلی کے عزیز عباس محی الدین سے ہوگا۔ واضح رہے کہ مقابلے کے گولڈ میڈلسٹ کو ایک لاکھ ڈالر کا نقد انعام دیا جائے گا، چاندی کا تمغہ جیتنے والے کو 50 ہزار ڈالر اور کانسی کا تمغہ جیتنے والے کو 25 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔

Related Articles