شہناز گِل اپنی فلم ’حوصلہ رکھ‘ کی شوٹنگ دوبارہ شروع کریں گی؟
ممبئی،ستمبر۔بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 13 کی معروف کنٹسٹنٹ اور اداکار سدھارتھ شکلا کی گرل فرینڈ شہناز گِل کی فلم ’حوصلہ رکھ‘ کے پروڈیوسر دلجیت تھنڈ نے بتایا ہے کہ وہ فلم کی شوٹنگ دوبارہ شروع کرنے کے لیے شہناز کے ٹھیک ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق شہناز گِل کی نئی آنے والی فلم ’حوصلہ رکھ‘ کی ٹیم کی جانب سے یہ اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ اداکارہ رواں ماہ کے آخر میں دوبارہ اپنی فلم کی شوٹنگ کا آغاز کریں گی۔فلم کی ٹیم کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فلم کے پروڈیوسر اور ہدایتکار نے رواں ماہ یعنی ستمبر میں شوٹنگ کا ارادہ کیا تھا لیکن سدھارتھ شکلا کی اچانک موت کی وجہ سے اْنہیں شوٹنگ ملتوی کرنی پڑی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہناز گِل اپنے قریبی دوست سدھارتھ شکلا کی اچانک موت کی وجہ سے شدید صدمے میں ہیں اور وہ اس حالت میں نہیں تھیں کہ فلم کی شوٹنگ کرسکیں، اسی وجہ سے فلم کی شوٹنگ ملتوی کی گئی۔واضح رہ کہ رواں ماہ 2 ستمبر کو دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے بھارتی اداکار سدھارتھ شکلا دْنیا سے رخصت ہوگئے تھے جس کے بعد سے اْن کی گرل فرینڈ شہناز گِل شدید صدمے میں ہیں۔یاد رہے کہ رواں برس میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا تھا کہ بگ باس کے سیزن 13 میں پہلی بار ملاقات کرنے والی جوڑی شہناز گِل اور سدھارتھ شکلا نے گزشتہ سال دسمبر میں شادی کرلی ہے تاہم اْنہوں نے اپنی ازدواجی زندگی کو میڈیا سے چْھپا کر رکھا ہے تاکہ دونوں اداکار کیریئر پر توجہ دے سکیں۔خیال رہے کہ شہناز گِل اور سدھارتھ شکلا کی پہلی ملاقات بگ باس کے سیزن 13 میں ہوئی تھی جہاں دونوں کی دوستی ہوئی اور پھر وہ دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی۔