شہناز گل کی مقبولیت میں اچانک اضافہ
ممبئی،ستمبر۔بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 13 کی معروف کنٹسٹنٹ اور اداکار سدھارتھ شکلا کی گرل فرینڈ شہناز گِل کی مقبولیت میں اچانک اضافہ ہونے لگا۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر موجود شہناز گِل کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔شہناز گِل کو انسٹاگرام پر 9 اعشاریہ 5 ملین صارفین یعنی 90 لاکھ سے زائد صارفین نے فالو کرلیا ہے۔انسٹاگرام پر شہناز گِل کے فالوورز اْس وقت بڑھے جب سدھارتھ شکلا اچانک دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے دْنیا سے رخصت ہوئے۔سدھارتھ شکلا کی موت سے قبل شہناز گِل کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 9 ملین یعنی 90 لاکھ سے کم تھی لیکن اداکار کی موت کے بعد شہناز گِل کے بیان کے بارے میں جاننے کے لیے لاکھوں کی تعداد میں دْنیا بھر سے صارفین نے اْنہیں انسٹاگرام پر فالو کرنا شروع کیا۔سدھارتھ شکلا کی موت کو تقریباََ ایک ہفتہ ہی ہوا ہے اور اس دوران انسٹاگرام صارفین کی بڑی تعداد شہناز گِل کو فالو کرتی نظر آرہی ہے۔دوسری جانب ابھی تک شہناز گِل سوشل میڈیا پر متحرک نہیں ہوئی ہیں اور نہ ہی اْن کی جانب سے سدھارتھ شکلا کی موت کے بعد کوئی بیان جاری کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ چند روز قبل سدھاتھ شکلا کی ممبئی میں اپنے گھر میں اس وقت موت واقع ہوگئی تھی جب وہ سورہے تھے، جبکہ اہلِ خانہ نے ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دی تھی۔سدھارتھ رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 13 میں بطور امیدوار شامل ہوئے اور انہوں نے یہ شو بھی جیتا، لیکن اس کے بعد وہ سیزن 14 میں بطور طوفانی سینئر شامل ہوئے۔یاد رہے کہ رواں برس میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا تھا کہ بگ باس کے سیزن 13 میں پہلی بار ملاقات کرنے والی جوڑی شہناز گِل اور سدھارتھ شکلا نے گزشتہ سال دسمبر میں شادی کرلی ہے تاہم اْنہوں نے اپنی ازدواجی زندگی کو میڈیا سے چْھپا کر رکھا ہے تاکہ دونوں اداکار کیریئر پر توجہ دے سکیں۔خیال رہے کہ شہناز گِل اور سدھارتھ شکلا کی پہلی ملاقات بگ باس کے سیزن 13 میں ہوئی تھی جہاں دونوں کی دوستی ہوئی اور پھر وہ دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی۔