شاہ رخ کا بیٹا تفتیشی حکام کے سامنے رو پڑا، اعتراف جرم کرلیا
ممبئی،اکتوبر۔بالی وڈ کنگ شاہ رخ کے صاحبزادے آریان خان نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے سامنے 4 سال سے منشیات لینے کا اعتراف کرلیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو( این سی بی) نے گزشتہ روز ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی پر چھاپہ مارا تھا اس دوران شاہ رخ کے بیٹے سمیت 8 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔دوران کارروائی این سی بی حکام نے آریان خان کا فون ضبط کر لیا تھا اور حکام کا بتانا تھا کہ آریان کے فون کی اسکیننگ کی جا رہی ہے تاکہ اداکار کے بیٹے کے منشیات کے استعمال اور خرید و فروخت میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد مل سکیں۔بعد ازاں عدالت نے آریان خان کو ایک روزہ ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔تاہم اب میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دوران تفتیش زیر حراست آریان این سی بی حکام کے سامنے روپڑے اور اعتراف کیا کہ وہ تقریباً گزشتہ 4 برسوں سے منشیات لے رہے ہیں۔میڈیا کے مطابق این سی بی حکام کا بتانا ہے کہ دوران تفتیش آریان خان نے انکشاف کیا کہ جب وہ امریکا اور دبئی میں تھے تو اس دوران بھی وہ منشیات کا استعمال کیا کرتے تھے۔